چین نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے او ر سٹرٹیجک دوستی مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک بارپھر اپنے عزم کااعادہ کیا
بیجنگ (آ ئی این پی ) چین نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے او ر سٹرٹیجک دوستی مزید مضبوط بنانے کیلئے ایک بارپھر اپنے عزم کااعادہ کیاہے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے بیجنگ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی گرانقدر قربانیوں کو سراہا اور عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ ان اقدامات کا بھرپوراعتراف کرے۔پاکستان اورچین کی دوستی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے اہم دلچسپی کے امور پر پاکستان کی طرف سے چین کے ساتھ تعاون کا اعادہ کیا۔دونوں فریقین نے افغانستان میں دیرپا امن اوراستحکام کی کوششوں میں بھرپور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا اور افغانستان‘ چین اورپاکستانی وزرائے خارجہ کے سہ فریقی اجلاس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور کے تمام پہلوﺅں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔این این آئی کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کی پائیدار اور مضبوط حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان کے ساتھ آزمودہ اور دیرینہ سٹرٹیجک تعلقات اوردوستی کو فروغ دیا جائیگا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاک چین دوستی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے کہا پاکستان چین کے تمام امور و بنیادی مفادات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان کے 70ویں یوم آزادی پر چین کے وائس وزیراعظم وانگ ینگ کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان آزمودہ دوستی مزید مضبوط ہوئی۔
تہمینہ جنجوعہ