ورلڈ الیون کا پاکستان آنا پی سی بی کی بڑی کامیابی ہے: خواجہ ندیم احمد
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے رکن اور لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد نے انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے سلسلہ میں ورلڈ الیون، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہوئے اسے پی سی بی کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ کرکٹ ٹیموں کی پاکستان آمد ایک بریک تھرو ہے اور اس سے نہ صرف ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی بلکہ قومی کرکٹرز کو تجربہ اور شائقین کرکٹ کو تفریح کا موقع ملے گا۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا کریڈٹ نجم سیٹھی کی سربراہی میں پی سی بی کی موجودہ انتظامیہ کو جاتا ہے جنھوں نے کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے کرکٹرز کو پاکستان کا دورہ کرنے کے لئے قائل کیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے دورہ پاکستان میں پی سی بی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کوششوں کا عمل دخل ہے ۔ پی ایس ایل کے فائنل کا لاہور میں کامیابی سے انعقاد پاکستان کرکٹ اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی کے لئے گیم چینجر ثابت ہوا ہے۔ چیئرمین نجم سیٹھی ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں بہت سنجیدہ ہیں۔