• news

دورہ ورلڈ الیون: ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی، ستمبر کے پہلے ہفتے فروخت شروع

لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) ورلڈ الیون کےخلاف قذافی سٹیڈیم کے کس انکلوژر کی ٹکٹ کتنے میں فروخت ہو گی، ٹکٹیں کہاں اور کیسے دستیاب ہونگی پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سلسلہ میں تمام اہم فیصلے کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بورڈ نے زیادہ سے زیادہ شائقین کو سٹیڈیم لانے کیلئے ٹکٹوں کی قیمتیں پاکستان سپر لیگ فائنل سے کم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف انکلوژرز کیلئے ٹکٹوں کی قیمتیں چھ ہزار، چار ہزار، اڑھائی ہزار اور پانچ سو روپے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل فائنل کے موقع پر فضل محمود، عمران خان، وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژر کی ٹکٹ کی قیمت بارہ ہزار تھی۔ ورلڈ الیون کےخلاف سیریز میں ان انکلوژرز کی ٹکٹیں چھ ہزار روپے میں خرید سکیں گے۔ جاوید میانداد، عبد القادر اور رمیض راجہ انکلوژر کی ٹکٹ پی ایس فائنل کی 8ہزار روپے میں فروخت کی گئی تھی اب چار ہزار جبکہ نذر اور انضمام الحق انکلوژر کی ٹکٹوں کی قیمت چار ہزار سے کم کر کے پچیس سو روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل انکلوژر ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے۔ٹکٹوں کی فروخت عید ٰ کے بعد ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہو جائےگی۔ ٹکٹوں کی فروخت کیلئے بورڈ تین موبائل یونٹس بھی قائم کرےگا۔ ایک موبائل یونٹ قذافی سٹیڈیم کے قریب جبکہ دو موبائل یونٹس شہر کے اہم مقامات پر قائم ہونگے۔ شائقین آن لائن ٹکٹیں خریدنے کےساتھ ساتھ بینک آف پنجاب کی مختلف برانچوں سے بھی ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔ سپیشل کرکٹرز اور افراد کو مفت ٹکٹیں جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن