وینزویلا کے عوام ٹرمپ کی دھمکی پر برہم :جنگی تربیت لینا شروع کردی
کراکس (نیٹ نیوز) وینزیلا کی فوج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عسکری کارروائی کی دھمکی کے بعد اپنے عوام کو رائفل، میزائل فائر کرنے اور فوج کی بھرپور مدد کرنے کے لیے تربیت دی۔ اے ایف پی کے مطابق وینزویلا کے سوشلسٹ صدر نیکولس میڈورا نے دو روزہ عسکری مشقوں کا آغاز کردیا ہے جہاں وارپلانز، ٹینکوں اورنیشنل بولیویرین آرمڈ فورسز کے دو لاکھ فوجیوں کے ساتھ 7 لاکھ ریزرو اور عوام شامل تھے۔کراکس ملٹری اکیڈمی میں فوجیوں نے عوام کو اپنے ہاتھوں کے بہتر استعمال کے علاوہ رائفلز، اینٹی کرافٹ گنز اور دیگر اسلحے کو چلانے کی تربیت دی جبکہ مشقوں کی نگرانی بھی کی گئی۔ مشقوں میں شریک ایک خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ کچھ نہیں ہوگا لیکن ہم کسی بھی صورت حال کے لیے تیار ہیں۔ خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ماہ کے آغاز میں وینزویلا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ ان کے خلاف اگر ضرورت پڑی تو فوجی کارروائی سمیت مختلف پہلووں پر غور کر رہا ہے۔ دفاعی تجزیہ کار روشیوسین میگوئیل نے مشقوں کو کمزور حکمت عملی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرمپ کے خلاف موثر چیلنج کے بجائے محض پروپیگنڈا ہے۔