امریکہ معافی مانگے‘ وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں: دفاع پاکستان کانفرنس
اسلام آباد( خصوصی نمائندہ )دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دھمکیوں پر پاکستانی قوم سے معذرت کرے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ کو پاکستان کا دورہ کرنے سے روکا جائے۔ہم وطن عزیز کی سا لمیت پر کسی قسم کا کمپرومائیز نہیں کریں گے۔نیٹو سپلائی فوری بند اور امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔تمام شہروں میں امریکی قونصل خانے بند کئے جائیں۔امریکہ اور بھارت پاکستان دشمنی میں ایک ہو چکے،حکومت کو اب ڈومور کی بجائے نومور کی پالیسی اپنانی چاہئے اورامریکہ سے تعلقات پر نظرثانی کی جائے۔پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے جانیں قربان کرنے کو تیار ہے۔اگر امریکہ نیوکلیئر پاور ہے تو پاکستان بھی نیو کلیئر پاور ہے۔اکیس کروڑ عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع میں ساتھ ہوں گے۔اب اگر کسی نے ملک کی سا لمیت کے خلاف سازش کی تو قوم اسے ملک میں نہیں رہنے دے گی۔دفاع پاکستان کونسل امریکی دھمکیوں کے خلاف تحریک جاری رکھے گی۔مطالبات نہ مانے گئے تو تاریخی دھرنے دیئے جائیں گے۔پاکستان کی عوام،فوج ،سیاسی جماعتیں دفاع کے نقطے پر متحد ہیں۔ان خیالات کا اظہارحافظ عبدالرحمان مکی،سردار عتیق احمد خان،سید ظفر علی شاہ،پیر سید ہارون علی گیلانی،عبداللہ حمید گل،احمد رضا قصوری،علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر،سید محمد یوسف شاہ،سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،میاں محمد اسلم،علامہ محمد زوار حیدر،پیر عظمت سلطان،محمد اقبال فاروقی،محمد اجمل بلوچ،سید عبدالوحید شاہ،شفیق الرحمان،عبدالرحمان،ابو ولید و دیگر نے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔قبل ازیں مرکز قبا آئی ایٹ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کی۔ریلی کے شرکاء میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا،شرکاء امریکہ و انڈیا کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے۔ریلی کے شرکاء نے پاکستانی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔جماعۃ الدعوۃ شعبہ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ ہر پاکستانی غم و غصہ سے دوچار ہے جب امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان کو جنگ کی دھمکی دی۔ہم نے لاہور میں امریکی قونصل خانے کے سامنے دھرنا دیا۔آج اسلام آباد میں علامتی احتجاج ہے۔حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ امریکی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کیا جائے ،اقوام عالم کے پروٹوکول کے مطابق امریکی رویئے پر شدید احتجاج کر کے جب تک امریکہ معذرت نہ کرے سفیر کو ملک سے نکلنے کا حکم دیا جائے۔امریکی صدر کو پاکستانی قوم سے معافی مانگنے تک سفارتخانے و قونصل خانے بند کر دینے چاہئیے۔خود مختار قومیں جو رویہ رکھتی ہیں اسلام آباد کی حکومت نے ابھی تک وہ رویہ پیش نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کے کندھوں پر آ رہا ہے،اسٹریجٹک پارٹنر کہا ہے۔بھارت کو افغانستان میں رول دیئے جانے کے بعد بھارتی طیاروں کے لئے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔نیٹو کی سپلائی سامان حرب و ضرب،خوراک سب بند کیا جائے۔بھارت اور افغانستان کے درمیان تجارتی راہداریاں دی جارہی ہیں قطعا بھارت اور افغانستان کے درمیان تجارتی راستے نہیں دینے چاہئے۔امریکہ نے بھارت کو اتحادی قرار دیا ،دونوں اعلانیہ دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے ابھی تک قومی غیرت کا مظاہرہ نہیں کیا۔امریکہ کے تمام شہروں میں قونصل خانے بند کئے جاییں۔وزیر خارجہ امریکہ کا دورہ مئوخرکرنے کی بجائے منسوخ کرنے کا اعلان کرے۔چین ،روس کا دورہ کیا جائے اور دوٹو ک امریکی دھمکی کا جواب دیا جائے۔پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہے گی۔امریکہ کی نائب وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ہیں ،اسے دورے سے منع کیا جائے ،امریکہ پہلے معذرت کرے،ملک کی سا لمیت پر کوئی کمپرومائیز نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے اور امریکیوں سے معذرت نہ کروائی گئی تو دفاع پاکستان کونسل تاریخی دھرنے دے گی۔مسلم کانفرنس آزاد کشمیر کے صدر سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاکستان پر مشکل وقت نہیں آیا۔بھارت کو معلوم ہونا چاہئے ہم زندہ قوم ہیں۔پاکستان مضبوط دفاع رکھتا ہے۔پاک فوج سب سے بہادر فوج ہے۔ملک کے دفاع کے لئے پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج پانچ ہزار مجاہدین کے ساتھ گزشتہ پچیس برس سے لڑ رہی ہے اور شکست سے دوچار ہے۔بھارتی فوج کے حوصلے پست ہو چکے ہیں۔اسکے مقابلے میں پاکستان کی فوج سی پیک کی حفاظت کر رہی ہے۔روس،چین کے ساتھ مشقیں ہو رہی ہیں۔ بھارت اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے اسی لئے امریکا اس کو افغانستان میں رول دینا چاہتا ہے۔بھارت کی فوج پاکستان کی فوج و شہداء کے وارثین کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔پاکستان کو کمزور مت سمجھا جائے ۔بلوچستان کی علیحدگی کی باتیں پرانی ہو گئی ہیں ۔اس موقع پر انہوں نے پاکستان زندہ باد ،افواج پاکستان زندہ باد،کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگوائے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کے اراکین کی تعداد اکیس کروڑ ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کو درست کیا جائے۔انہوں نے کہا حافظ محمد سعید کو رہا کیا جائے۔ہدیۃ الھادی پاکستان کے چیئرمین پیر سید ہارون علی گیلانی نے کہا کہ بھارت ،امریکہ واسرائیل پاکستا ن کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت اور تھا جب ہم مصلحت کا شکار ہو گئے تھے ۔اب وقت بدل گیا ہے اب اگر کسی نے ملک کی سا لمیت کی خلاف سازش کی تو پھر یہ قوم نہ صرف ایوانوں بلکہ ملک سے بھی نکال دے گی۔آئندہ اس ملک میں کسی غدار،ضمیر فروش کے لئے کوئی جگہ نہیں ہو گی۔ریمنڈ ڈیوس کے شاگر جلد پابند سلاسل ہوں گے اور حافظ محمد سعید جلد رہا ہوں گے۔تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ حمید گل نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کسی نے انگلی اٹھائی تو سب سے پہلے جماعۃ الدعوۃ میدان میں نکلی۔جماعۃ الدعوۃ اسلام آباد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میدان میں شکست کھا چکا ہے اور پھر بھی فتح کی امید بھی رکھتا ہے۔شکست کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جا رہا ہے۔طالبان کے مقابلے میں ایک لاکھ امریکی فوج،تین لاکھ افغان فوج،اربوں ڈالر لگانے کے باوجود امریکی جنگ ہار چکے۔امریکی ایماء پر مشرف نے گھٹنے ٹیکے ۔حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ دوست و دشمن کی پہچان کریں ۔انہوں نے کہا کہ ڈومور کی بجائے نو مور کی پالیسی اپنانی چاہئے۔نیو کلیئر ملک کا ثبوت دیتے ہوئے نیٹو سپلائی فوری بند کرنی چاہئے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنما احمد رضا قصوری نے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسیاں امریکہ کے لئے ہی نقصان دہ ہیں۔مسلمانوں کے اندر جذبہ جہاد موجود ہے۔جمعیت علماء اسلام (س) کے رہنما سید محمد یوسف شاہ نے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد دفاع پاکستان کونسل نے سب سے پہلے میدان میں آکر تمام الزامات کو مسترد کیا اور امریکہ کو پیغام دیا کہ ہم پاکستان کے دفاع، سا لمیت، استحکام کیلئے سب ایک ہیں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ رہیں گے۔پاکستان کے اکیس کروڑ جراتمند عوام اپنی عزت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔غوری غزنوی ہمارے پاس موجود ہے۔ایٹم الماری میں سجانے کے لئے نہیں بلکہ دشمن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے بنایا گیا ہے۔
دفاع پاکستان کانفرنس