دو روزہ وقفے کے بعد سینٹ اجلاس آج، قومی اسمبلی کا کل ہو گا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + سپیشل رپورٹ) سینٹ اجلاس اور پورے ایوان کی کمیٹی کا انتہائی اہم اجلاس آج ہوگا، سینٹ اجلاس سے قبل ہول کمیٹی میںامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کے تناظر میں خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کیلئے سفارشات تیار کی جائیں گی ، بعد ازاںسفارشات کی سینٹ اجلاس سے منظوری کے بعد انہیں خارجہ پالیسی میں شامل کرنے کیلئے حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔ ان کیمرہ اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کے تناظر میں خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کی جائیگی، ہول کمیٹی خارجہ پالیسی کے بارے میں رہنما اصول وضع کرے گی‘ سینٹ سے ان کی توثیق پر ان کو خارجہ پالیسی میں شامل کرنے کیلئے حکومت کو ارسال کیا جائے گا۔ بعدازاں سینیٹ کا اجلاس میاں رضا ربانی کی زیرصدارت شام 5 بجے ہو گا۔ دریں اثناء امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر قومی اسمبلی کا اجلاس کل منگل کو ہوگا، اجلاس میں دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو امریکہ کی جانب سے تسلیم نہ کرنے کے خلاف حکومت اور اپوزیشن متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کرے گی، 30 اگست کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس متوقع ہے جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلیٰ عسکری اور سول حکام شریک ہوں گے دریں اثناء قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے بھی قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کو بلائے جانے کی تصدیق کردی ہے۔