ہم عدم تشدد کی پالیسی پر گامزن‘ سالگرہ کے کیک بھی پلاسٹک چھری سے کاٹے: فاروق ستار
کراچی (نیوز رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کا پی آئی بی فٹبال گرائونڈ میں جنرل ورکرز اجلاس ہوا۔ سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم لندن سے الگ ہوئے ہمیں ایک سال ہو گیا۔ 23 اگست کو کارکنوں کی قربانیوں کو ضائع ہونے سے بچایا۔ ہم عدم تشدد و عدم تصادم کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ ہم کسی سالگرہ پر بھی گئے تو سٹیل کی چھری استعمال نہیں کی اور سالگرہ کے کیک بھی پلاسٹک کی چھری سے کاٹے۔ مردم شماری میں کراچی کی آبادی ایک کروڑ 60 لاکھ دکھائی گئی ہے۔ کراچی کی آبادی کسی طرح تین کروڑ سے کم نہیں۔ حیدرآباد‘ سکھر‘ میرپور خاص شہر کی آبادی کو بھی کم دکھایا گیا۔ ہم مردم شماری کے ان اعدادوشمار کو نہیں مانتے۔ ہم اس مردم شماری کو مسترد اور ادارہ شماریات کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم ایک بڑے احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔ ہم 48 گھنٹے میں مزار قائد سے بڑی احتجاجی ریلی نکالیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پشاور اور کابل سے زیادہ پختون کراچی میں رہتے ہیں۔ ہماری گنتی صحیح نہیں کی گئی تو سڑکوں پر آکر خود کو گنوائیں گے۔