خیبر پی کے میں روایتی امن کا لوٹنا اہم شگون، مثبت قدم ہے: سرکاری سروے
پشاور (این این آئی) صوبہ خیبر پی کے جو کبھی امن کا گہوارہ تھا، کا روایتی امن دوبارہ واپس لوٹ آنا نہایت ہی اہم شگون اور مثبت قدم ہے جس کا اندازہ مختلف سماجی، ثقافتی اور تجارتی سرگرمیوں بالخصوص حالیہ یوم آزادی کی تقریبات کوبھرپور جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منانے سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ اس امر کا انکشاف یہاں ایک سرکاری سروے میں کیاگیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ حالیہ یوم آزادی کی تقریبات جس والہانہ انداز میں منائی گئی اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی جس میں معاشرے کے ہر طبقے کے افراد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنے اپنے انداز میںوطن عزیز سے بے لوث والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ سروے میں مزید لکھاگیا ہے کہ یوم آزادی کی تقریبات میں ہر عمر کے افراد جس میں بچے، بوڑھے، جوان اور سنیئر شہری شامل ہیں، نے بھرپور حصہ لیا۔ صوبہ بھر بالخصوص پشاور میں 13، 14 اور 15 اگست کی ساری رات عوام کا جم غفیر سڑکوں پر اُمڈ آیا۔ یہ نہایت ہی دلفریب منظر تھا کہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے سٹرکوں پر نکل کر وطن عزیزکے گن گا رہے تھے۔ سروے میں آگے لکھا گیا ہے کہ بعض جگہوں پر آزادی کے متوالوں کا اتنا جم غفیر اکٹھا ہوگیا کہ وہاں پر ٹریفک جام ہوگیا تاہم خوش آئند بات یہ تھی کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا۔ فورسز بالخصوص خیبر پختونخوا پولیس کی لازوال قربانیاں اور دن رات کی کوششیں رنگ لے آئیں جس سے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور یوں لوگوں میں احساس تحفظ بڑھ گیا۔