• news

.16 وزرا، درجنوں ارکان پارلیمنٹ نوکریوں کے جعلی نوٹیفکیشن دیکر ووٹ خرید رہے ہیں: تحریک انصاف

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف نے کہا ہے کہ کر پشن کے گاڈفادر کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے‘ ضمنی انتخابات میں ہمارا مقابلہ مسلم لیگ (ن) سے نہیں وفاقی و پنجاب حکومت اور پولیس سے ہے کیونکہ سب ایک ہیں‘ مسلم لیگ (ن) کے 16 وزراء اور درجنوں اراکین پار لیمنٹ لاہور میں لوگوں کو نوکریوں کے جعلی نوٹیفکیشن دیکر ووٹ خر یدنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی تحریک انصاف کی خواتین اور کارکنوں کیساتھ غنڈہ گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا‘ ہم پرامن رہ کر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں مگر اس کو ہماری کمزور ی نہ سمجھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سابق گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور، اعجاز احمد چوہدری‘ این اے 120 سے امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد‘ عندلیب عباس‘ راجہ ریاض احمدسمیت دیگر نے اسلام پورہ عمر روڈ یوسی 65 میں ضمنی انتخابی مہم کے سلسلے میں قائم پارٹی دفتر کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب اور میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پرمحمد زبیر نیازی‘ جاوید اکرم ٹونی‘ عبیدالرحمن‘ رانا اختر حسین‘ رانا تنویر شجاع میجر (ر) ساجد ندیم اور ملک اشتیاق سمیت تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی جو عمران خان اور پارٹی قائدین کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 30 سالوں سے پنجاب میں حکمرانی کر رہی ہے مگر آج بھی صوبے میں جرائم‘ مہنگائی‘ بے روزگاری جیسے مسائل کے ساتھ ساتھ عوام کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتیں میسر نہیں اس سے بڑی انکی اور ناکامی کیا ہو سکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کرپشن کی علامت بن چکی ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے بعد اب کر پشن کے گارڈ فادر کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں اور آنیوالی حکومت صرف تحریک انصاف کی ہوگی۔ لاہور کے عوام ضمنی انتخابات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو ہی کامیاب کریں گے۔ اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) لاہور کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کیلئے خزانے کے منہ کھول چکی ہے اور حکومتی وزراء لوگوں کو نوکریوں کے جعلی نوٹیفکیشن دیکر بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تحریک انصاف کی مقبولیت کی وجہ سے خوفزدہ ہے اور انکے غنڈے ہماری پارٹی خواتین اور کارکنوں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ راجہ ریاض احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والوں نے ہمیشہ دھاندلی سے ہی کامیابی حاصل کی ہے، ضمنی انتخابات میں کامیابی تحریک انصاف کا مقدر بنے گی ۔

ای پیپر-دی نیشن