• news

۔عوام کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے، امریکہ کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے: سعد رفیق

لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے ہماری خواہش ہے عوام اور اکثریت کے فیصلہ کو تسلیم کیا جائے، جمہوری روایات قائم رہنا چاہئیں ورنہ لوگ تقسیم ہو جاتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متنازعہ شخصیت ہیں۔ ان پر تو ان کے اپنے تنقید کرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ کو پاکستان کی فوج، ایجنسیوں اور پاکستان کی مملکت پر تنقید کا کوئی حق نہیں۔ ان کا بیان ہمارے اداروں اور عوام کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کی توہین ہے۔ وہ گزشتہ رات اپنے حلقے میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ سعد رفیق نے امریکہ کو کھلے الفاظ میں پیغام دیا وہ پاکستان کو افغانستان یا ویتنام نہ سمجھے، ہمارے اندرونی یا سیاسی حالات جیسے بھی ہوں اس ملک کی سلامتی کیلئے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے خطے کی خرابی کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔ پاکستان اور خطے میں حالات کو خراب کرنے میں تمام امریکی حکومتوں کا بڑا کردار رہا ہے۔ انہوں نے مشرف پر تنقید کرتے ہوئے کہا مشرف نے ہمیں غیروں کی جنگ کا ایندھن بنا دیا۔ امریکہ ہمیں اربوں ڈالر دینے کا احسان مت جتائے، ہم نے امریکی امداد سے کئی گنا زیادہ نقصان دہشت گردی کی اس جنگ میں اٹھایا ہے۔ امریکہ ہمیں دھمکیاں مت دے، ہم ایک خوددار اور غیور قوم ہیں، ہم کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ انہوں نے کہا چین امریکہ سے لاکھ درجے بہتر ہے، وہ کسی کے معاملات میں نہ مداخلت کرتے ہیں اور نہ کسی کی خارجہ پالیسی کو اپنے مفاد کے مطابق تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا میرے دور میں ریلوے کا نظام بہتر ہوا ہے۔ جب یہ محکمہ سونپا گیا تو محکمہ خسارے میں تھا، اس سال ہم نے 40 ارب کی کمائی کی ہے اور رواں مالی سال میں 53 ارب کما کر دکھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن