• news

ٹرمپ کی پالیسیاں امریکہ کو تباہ کردینگی، پاکستانی دھمکیوں میں آنیوالے نہیں: جاوید ہاشمی

ملتان (سپیشل رپورٹر) جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں امریکہ کو تباہ کر کے رکھ دیں گی۔ پاکستان کو اپنی آزاد خارجہ پالیسی تشکیل دینی چاہیے۔ سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے۔ ملک دشمن قوتوں کو سی پیک منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ طارق رشید کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبہ مکمل ہو گیا تو پاکستان ایشین ٹائیگر بن کر ابھرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور انجمن تاجران معصوم شاہ روڈ کے چیئرمین بدر قریشی اور عارف بدر قریشی کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مخدوم جاوید ہاشمی‘ شیخ طارق رشید‘ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ایم این اے شاہین شفیق‘ حاجی احسان قریشی‘ ملک انور‘ میاں عامر سعید انصاری‘ چیئرمین اسلم ہمایوں‘ زاہد بشیر قریشی‘ ابصار قریشی‘ ندیم سپل‘ مسعود قریشی‘ زاہد عدنان گڈو‘ عبدالرحمن فری‘ محمود قریشی‘ رفیق کریمی‘ لیگی خواتین رہنما رخشندہ ناہید‘ تہمینہ نور‘ شبانہ خدا بخش‘ عمران لیاقت‘ احسن امیر و دیگر بھی موجود تھے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیاں گیدڑ بھبکیاں ہیں‘ پاکستانی قوم امریکی صدر کی دھمکیوں میں آنے والی نہیں ہے۔ امریکی دھمکیوں کے جواب میں پاکستان کو چین‘ روس سمیت اپنے دوست ممالک سے رابطے مزید بہتر بنانے ہوں گے۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف کا چین اور روس کا دورہ خوش آئند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن