آرمی چیف کی تاجک صدر سے ملاقات افغان قیادت میں امن عمل کی حمایت کا اعادہ‘ دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
دوشنبے(اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی‘ افغان امن عمل سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں پاکستان کی رکنیت میں تعاون پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف کا شکریہ ادا کیا ۔تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف نے اس موقع پر پاکستان کے عوام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہارکیا اور قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کی تعریف کی ۔ فریقین نے مذاکرات کی اہمیت ‘علاقائی تعاون اور افغان قیادت میں امن عمل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ افغانستان اور خطے میں امن کے لئے خیالات میں ہم آہنگی پائی گئی۔ فریقین نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین دفاعی اور سلامتی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔