روایات بدلنے سے اب عید پر وہ پہلی سی گرمجوشی نہیں
اداکاراوں کی اس بھیڑ میں لیلیٰ زبیری کا نام ان لوگوں میں شمارہوتا ہے جن کا حسن اور کردار دوسروں کو متاثر ہی نہیں بلکہ اپنا گرویدہ بھی کر لیتا ہے۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان سے بحیثیت چائلڈ سٹار اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ بچپن میں ہاوس وائف کے سپنے دیکھنے والی یہ لڑکی شادی کے بندھن میں کم عمری میں ہی بندھ گئی۔ ماں کو درس و تدریس سے وابستہ دیکھا تو کانو ونٹ میں ٹیچنگ بھی کی۔ کوئٹہ ٹی وی سنٹر سے شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی جاندار اداکاری اور محسور کن خوبصورتی سے پرفارمنگ آرٹ کی دنیا میں جلد ہی الگ پہچان بنا لی۔ ایک کے بعد ایک اچھی پرفارمنس کے بعد اپنا پروڈکشن ہاوس بنایا۔ سماجی و معاشرتی حوالے سے معتبر شخصیت ہونے کی وجہ سے اس وقت نیشنل بک فاونڈیشن پاکستان‘ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی‘ اینٹی نارکوٹکس اور آیوڈائیز سالٹ کی برانڈ ایمبیسڈر بھی ہیں۔ قومی دنوں‘ عید اور خوشی کے تہواروں کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے لیلیٰ زبیری کہتی ہیں کہ کراچی میں میری پیدائش ہوئی۔ ہم دو بہنیں والدین کی آنکھوں کا تارا تھیں۔ میرا تعلق معروف زبےری خاندان سے ہے۔ شادی سے پہلے اور بعد تک سب رشتہ دار‘ کزنز مل کر عیدیں مناتے تھے بہت مزہ آتا تھا۔ طارق زبےری سے میری شادی ہوئی تو ان کے آرمی آفیسر ہونے کی وجہ سے ہمیں لاہور‘ کوئٹہ‘ کشمیر وغیرہ میں پوسٹنگ کی وجہ سے رہنے کا اتفاق ہوا اس لئے دوست احباب کا دائرہ مزےد وسیع ہو گیا۔ اس لئے ان دوستوں کے ساتھ عیدیں ہر شہر میں بڑی دھوم سے مناتے تھے لیکن بکرعید پر تو والدین کے پاس کراچی میں ہی جاتے وہ قربانی کے جانور کا بندوبست بھی وہی کرتے سب ذمہ داری ان کی ہوتی ہم تو صرف دوست رشتہ داروں کے ساتھ انجوائے کرتے اب میری دو بیٹیاں ہیں۔ ایک بیٹی اپنے بچوں کے ہمراہ ملک سے باہر ہے دوسری بیٹی اپنی بیٹی کے ساتھ اسلام آباد میرے ساتھ رہتی ہے۔ میری نواسی میں تو میری جان ہے۔ اب عیدوں میں وہ پہلے جیسی گرمجوشی نہیں رہی لوگ گھروں میں اور بچوں کے ساتھ رہنا پسند کرتے ہیں۔ عےد کے پہلے دن قربانی کے بعد میں بھی خاص طورپر کلیجی اور یخنی پلاو بناتی ہوں اب مجھے بہت اچھا کھانا پکانا آ گےا ہے اور اس میں میرے شوہر طارق کا بڑا ہاتھ ہے۔ مجھے یاد ہے جب شادی کے بعد ہماری پوسٹنگ کھاریاں ہوئی تھی تو مجھے صرف انڈہ فرائی کرنا آتا تھا پھر امی سے ترکیبیں پوچھ پوچھ کر کھانے بنانے سیکھے۔ چھوٹی عید کی خریداری تو خاص طورپر کرتی ہوں ویسے بھی میرے مشغلوں میں شاپنگ اور ڈرائیونگ ہے۔ مجھے اچھے کپڑے پہننے اور ڈیزائنگ کا کریز ہے اس لئے عید کے کپڑوں سمیت اپنے کپڑے خود ڈیزائن کرتی ہوں۔ کراچی ٹی وی انڈسٹری کا گڑھ ہے اس لئے عید ہو یا اور خوشی کا موقع وہاں کی ٹی وی کمیونٹی مل بیٹھتی ہے۔ اسلام آباد میں اداکار چند ایک ہیں اس لئے یہاں وہ گہما گہمی تو نہیں ہوتی جو کراچی لاہور میں دیکھنے کو ملتی ہے لیکن بدلتے وقت نے عید کی خوشیاں منانے کے طریقے بھی بدل دئیے ہیں اور ہم لوگ جنہوں نے بھرے پرے گھروں میں عید کی خوشیاں منائی ہوتی ہیں ان کے لئے تنہا عیدیں منانا آسان نہیں ہوتا لیکن اپنی بیٹی اور نواسی کے لئے میں عید کی تیاری کے ساتھ ساتھ خصوصی اہتمام بھی کرتی ہوں۔