کراچی: پولیس مقابلہ میں 2ڈاکو ہلاک‘ 2فرار، آگ لگنے سے شہری جاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر) سپر ہائی وے سائٹ کے علاقے فقیرا گوٹھ میں چاند بنگلہ کے نزدیک پولیس کے ساتھ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک‘ دو فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایس ایس پی ملیر رائو انوار کے مطابق چاروں ڈاکو پیر کی دوپہر راہگیروں کولوٹ رہے تھے کہ مددگار15 کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس پر ملزمان نے فائرنگ کی اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو مارے گئے جن کے قبضے سے دو پستول چھینی ہوئی موٹر سائیکل‘ موبائل فون‘ نقدی برآمد ہوئی جبکہ ہلاک ملزمان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان ڈکیتی اور گینگ ریپ کی وارداتوں کے علاوہ دوران ڈکیتی آرمی آفیسر کے قتل میں بھی ملوث تھے واضح رہے کہ اتوار کو رات گئے لائنز ایریا میں بھی پولیس ساتھ مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا تھا جبکہ گلستان جوہر میں بھی شہری نے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو مار گرایا تھا۔ شیریں جناح کالونی کے قریب پرائیویٹ آئل ٹرمینل کے ٹینک میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ الرحیم پرائیوٹ کمپنی کے ٹرمینل کے ٹینک میں آگ پیر کی صبح لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خوفناک شکل اختیار کرلی جس پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کے عملے کو کئی گھنٹے تک جدوجہد کرنا پڑی۔ اس دوران چھ افراد بری طرح جھلس گئے جن میںسے ایک35 سالہ اسمعٰیل ولد دائود نے دم توڑ دیا جبکہ جھلس کر زخمی ہونے والے پانچ افراد جمشید‘ رمضان‘ انیس‘ صادق اور رحمان کو سول اسپتال میں داخل کر لیاگیا ہے اس کے علاوہ بلدیہ کے علاقے رئیس گوٹھ میں بھی آتشزدگی کے واقع میں آئل کی پانچ دکانیں جل کر تباہ ہوگئیں۔