گوجرانوالہ، سیالکوٹ سمیت کئی شہروں میں ٹرمپ کیخلاف ریلیاں، مظاہرے
گوجرانوالہ/ سیالکوٹ/ بہاولنگر / چاغی (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت+ آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔ گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی کے مقامی رہنما حمید الدین اعوان کی قیادت میں پسرور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور ٹرمپ اور مودی کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ ہم پاکستان مخالف بیان پر ٹرمپ کی مذمت کرتے ہیں اور ملک کے تحفظ کیلئے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سیالکوٹ میں ٹرمپ کے الزامات کے خلاف دفاع پاکستان ریلی نکالی گئی جس میں امریکی پرچم نذر آتش کیا گیا، صدر ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم مودی کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ مولانا محمد عارف کی قیادت میں نکالی گئی جس میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے، امریکہ اور بھارت کے خلاف جبکہ پاکستان کی مسلح افواج اور اسلام کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد خود ہے جو دہشت گردوں کو تحفظ دیتا ہے اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے ومظلوم کشمیریوں پر ظلم وستم شروع کررکھا ہے لیکن کوئی اسے روکنے والا نہیں۔ شرکاءریلی نے پاک فوج کی حمایت میں نعرے بازی کی اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ضلع بہاولنگر کی طرف سے چیئرمین اے پی سی اے ضلع بہاولنگر خالد علوی کی زیر قیادت امریکہ مردہ باد، پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی گئی۔ چاغی میں پیپلز پارٹی کے زیراہتمام امریکہ مردہ باد ریلی نکالی گئی جس میں امریکی صدر کے پتلے کو گدھے پر بٹھا کر شہر کا گشت کروایا گیا اور آخر میں اسے نذرآتش کردیا گیا۔