• news

چین نے ملتان میٹرو فراڈ میں شہباز شریف کا نام لے کر بے نقاب کیا: عمران

اسلام آباد / لاہور (نوائے وقت رپورٹ + سپیشل رپورٹر) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ پانامہ پیپرز نے شریف خاندان کو بے نقاب کردیا۔ چین نے ملتان میٹرو بس منصوبے میں شہباز شریف کا نام لے کر انہیں بے نقاب کیا۔ چینیوں نے ملتان میٹرو فراڈ میں براہ راست شہباز شریف کا نام لیا۔ نیب کو اورنج ٹرین اور میٹرو بس منصوبوں کی تحقیقات کرنی چاہئیں۔ قبل ازیں میاں محمودالرشید نے ملتان میٹرو بس منصوبے میں ایک ارب79کروڑ روپے کی کرپشن اور کک بیک لینے پر شہباز شریف سے فوری استعفے اور سپریم کورٹ سے تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ کردیا۔ پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ شہباز شریف جو قوم کو بارہا کہہ چکے ہیں کہ ان پر دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو وہ سیاست چھوڑ دینگے لہٰذا اب چائنہ سکیورٹی ریگرلیٹری کمیشن نے وزیراعلیٰ کی نام نہاد ایمانداری کا بھانڈا پھوڑ دیا، انہوں نے چائنہ سکیورٹی ریگولیٹری کی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ـ’’ شہباز پر کمشن و کک بیکس‘‘ ثابت ہو گئے، 29ارب روپے میں مکمل ہونے والے ملتان میٹرو منصوبے میں ایک ارب79کروڑ کی کک بیکس نے پنجاب بھر کے تمام ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ تمام منصوبوں کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ17ملین ڈالر کیپٹل انجینئرنگ اینڈ کرپشن لمیٹڈ نے بھیجے جو شہباز شریف کی کمپنی ہے۔ بعد ازاں یہ رقم چینی کمپنی سے ملائیشیا اور دبئی منتقل ہو گئی۔ میاں محمودالرشید نے کہا کہ چینی کمپنی کی تحقیقات کی رپورٹ جب حکومت پنجاب کو ارسال کی گئی تو وزیراعلیٰ نے خود کو بچانے کیلئے اپنی ہی معائنہ کمیٹی کو تحقیقات کیلئے نہ صرف مقرر کیا بلکہ اسکی تحقیقاتی رپورٹ کو بھی خفیہ رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے معاملے میں شہباز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس نہ لیا تو تحریک انصاف خود اسے عدالت تک لے کر جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن