کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف درخواست‘ جسٹس فرخ عرفان کی سماعت سے معذرت عوامی تحریک کی بھی لیگی امیدوار کیخلاف استدعا دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے ذاتی وجوہات کی بناءپر این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی۔ درخواست کی سماعت کے لئے جسٹس محمد فرخ عرفان خان‘ جسٹس کاظم رضا شمسی اور جسٹس علی اکبر قریشی پر مشتمل تین رکنی بنچ تشکیل دیا گیا تھا۔ محمد فرخ عرفان خان کی جانب سے ذاتی وجوہات کی بناءپر کیس کی سماعت سے انکار کے بعد بنچ ٹوٹ گیا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف عوامی تحریک نے بھی لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ عوامی تحریک کی جانب سے درخواست اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔