• news

نیب کرپٹ لوگوں کو پکڑ نہیں سکتا تو دفاتر بند کر دے: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر نیب کرپٹ لوگوں کو نہیں پکڑ سکتا تو دفاتر بند کر دے تاکہ قوم مزید کسی دھوکے میں نہ رہے ۔ کرپشن کے فروغ میں نیب کا بنیادی کردار ہے ۔ اربوں کھربوں لوٹنے والوں سے کروڑ لے کر انہیں آزاد کر دینے کا اختیار نیب کو کس نے دیا ہے۔ قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے کہ نیب کے چیئرمین کا تقرر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی نگرانی میں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی کمیٹی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نیب کے پاس کرپشن کے سینکڑوں میگا سکینڈلز ہیں جن میں ملک و قوم کے اربوں ڈالر لوٹنے والے مجرموں کے متعلق تمام تر ثبوت موجود ہیں مگر وہ آزاد پھر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم پر نااہل وزیراعظم کے خلاف ریفرنس دائر ہوا مگر تین طلبیوں کے بعد بھی نوازشریف یا ان کے خاندان کے کسی فرد نے نیب کے سامنے پیش ہونے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ نیب کے لیے اب ایک ہی راستہ بچا ہے کہ وہ نقاب اتار کر مجرموں کے سامنے بھیڑ بن جائے ۔ انہوں نے فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ فرانسیسی صدر کی طرف سے دہشتگردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنا نسلی تعصب کی بدترین مثال ہے۔

ای پیپر-دی نیشن