یہودی آبادی کاری نامنظور، غزہ کا محاصرہ ختم کیا جائے، مسئلہ فلسطین کا حل دوریاستوں کا قیام ہے: یو این سیکرٹری جنرل
غزہ (صباح نیوز + اے ایف پی + اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوئٹرس چند گھنٹوں کے دورے پر غزہ پٹی پہنچ گئے ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق ان کے اس دورے کا مقصد وہاں کی صورت حال کا جائزہ لینا ہے۔ مختصر دورے پر حماس کے رہنماﺅں سے ملاقات نہیں کریں گے۔ سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور علاقائی ماہرین نے بریفنگ دی۔ ان کے دورے کے موقع پر مظاہرہ ہوا۔ 25 افراد نے جعلی تابوت اٹھا رکھا تھا جس پر تحریر تھا دنیا کی سب سے بڑی جیل میں خوش آمدید۔ اسرائیلی جیلوں سے فلسطینیوں کی رہائی کیلئے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ گوئٹرس نے غزہ کی ناکہ بندی فوری ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا انسانی بحران دیکھ کر دکھ ہوا۔ حماس نے خوش آئند قرار دیتے کہا انتونیو گوئٹرس نے کہاہے کہ مشرق وسطی تنازعہ کا واحد حل دو ریاستی ہے۔ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آباد کاری کسی بھی صورت میں قبول نہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی وزیراعظم رامی حماد اللہ سے ملاقات کی اور کہاکہ اس دیرینہ تنازعے کا حل تلاش کرنا ہوگا۔اس سے پہلے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسرائیلی حکام سے ملاقات کی اور واضح الفاظ میں کہاکہ فلسطینی علاقوں پر یہودی آبادی کسی بھی صورت میں قبول نہیں۔اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرنا ہونگے۔گوئٹرس کا کہنا تھا مشرق وسطی تنازعہ کا دو ریاستی حل کے علاوہ اور کوئی حل نہیں۔