• news

ملک پر میلی نگاہ ڈالنے والی آنکھیں پھوڑ دی جائینگی: دفاع پاکستان کونسل

لاہور (سپیشل رپورٹر) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ غیور پاکستانی قوم امریکی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں‘ پاکستان کی جانب میلی نگاہ ڈالنے والوں کی آنکھیں پھوڑ دی جائیں گی۔ بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو میدان جنگ بنانا چاہتے ہیں۔ نہتے افغانوں کے ہاتھوں بدترین شکست سے دوچار ہو کر پاکستان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ پوری پاکستانی قوم متحد و بیدار اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملکی سرحدوں کے تحفظ کیلئے پاکستانی قوم کا بچہ بچہ کٹ مرنے کیلئے تیار ہے۔ امریکہ دھمکیوں پر معذرت نہیں کرتا تو اس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، لیاقت بلوچ، سردار عتیق احمد خاں، اعجاز الحق، اجمل خاں وزیر، پیر سید ہارون علی گیلانی، مولانا فضل الرحمن خلیل، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، عبداللہ گل ،حافظ عبدالغفارروپڑی اورسید ضیاءاللہ شاہ بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ نام نہاد دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 80ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود پاکستان کیخلاف الزامات حکومت کی سفارتی ناکامی ہے۔ وزارت خارجہ کے ڈیسک اورسفارتی محاذ کو مضبوط بنایا جائے۔ حکومت پاکستان نام نہاد دہشت گردی کیخلاف جنگ کے اتحاد سے باہر نکلے۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کو متحد ہو کر حکومت پاکستان پر دباﺅ بڑھانا چاہئے کہ وہ امریکی صدر کی دھمکیوں پر خاموشی اختیارکرنے کی بجائے دنیا کے سامنے پاکستان کیخلاف سازشوں کو کھل کر واضح کرے ۔ امریکہ کی طرف سے ڈومور کی رٹ ختم نہیں ہو گی۔ پاکستان شمالی کوریا سے سبق سیکھے جنہوں نے امریکہ کو دوٹوک جواب دیا۔ ہم امریکی پالیسیوں سے نکلیں گے تو ملک میں امن و امان قائم ہو جائے گا۔ بھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم دن بدن بڑھتے جارہے ہیں۔نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن