پاکستان، فرانس تعلیمی شعبہ میں پائیدار تعلقات کے خواہاں، پاکستانی سفیر اقرا یونیورسٹی کے وفد کی ملاقات
پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) پاکستانی سفیر معین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان تعلیم اور سائنس کے میدانوں میں مربوط تعلقات کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ جس کی وجہ سے فرانس میں اعلی تعلیمی اور تحقیقی اداروں میں پاکستانی طالبعلموں کیلئے دروازے کھل چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اقرایونیورسٹی کے 61 رکنی وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہی ۔
جن سے انہوں نے پاکستانی سفارت خانہ، پیرس میں آج ملاقات کی۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کے 700 سے زیادہ طالبعلم فرانس کے اعلی تعلیمی اداروں میں انجینئرنگ، منیجمنٹ اورتحقیق کے میدانوں میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کیلئے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ مشترکہ تحقیقی پروگرام (PERIDOT) کے بارے میں بھی آگاہ کیا اس پروگرام کی وجہ سے تعلیمی میدان میں پاکستان اور فرانس تحقیق کیلئے مشترکہ مرکز کا قیام ممکن ہو سکا ہے۔ اقرایونیورسٹی کے طالبعلم جن کا تعلق بی بی اے اور ایم بی اے کے شعبوں سے ہے آج کل یورپ ممالک جن میں فرانس بھی شامل ہے کے دس روزہ تعلیمی اور سیاحتی دورے پر ہیں۔