دہشت گردی کیخلاف قربانیاں عالمی سطح پر تسلیم کی جائیں :شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف سے وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی جس میں ملکی صورتحال‘ سیاسی امور اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے اور ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کی عزت اور توقیر عزیز ہے۔ زندہ قومیں چیلنجز کا مقابلہ بہادری سے کرتی ہیں۔ موجودہ چیلنجز پاکستانی قوم کیلئے نئے مواقع لیکر سامنے آئے ہیں اور ان سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا موقع ہے۔ کسی ملک کو اپنے تعاون کو جواز بنا کر پاکستانی عوام پر ناروا الزامات لگانے یا بے جا مطالبات کا کوئی حق نہیں۔ پاکستان کے عوام اپنی قسمت آپ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ملک کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کیلئے جذبے‘ محنت اور ہمت سے کام کرنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کی اقوام عالم میں کوئی دوسری نظیر موجود نہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ان عظیم قربانیوں کے باعث آج وطن عزیز پُرامن اور محفوظ ہے۔ پاکستان کی بیش قیمت قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات اور قربانیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہئے۔ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہے اور یہ وقت اتفاق اور یکجہتی کا ہے۔ قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں۔ پاکستان کیلئے سب کو ایک ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت آج صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا چار گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں عیدالاضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ورلڈ الیون کرکٹ میچ لاہور میں کرانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی مشاورت سے ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے درمیان میچز لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے مکمل مشاورت کے بعد ورلڈ الیون اور پاکستان الیون کے مابین میچز لاہور میں کرانے کی اجازت دے دی ہے۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈالیون اور پاکستان الیون کے میچز کیلئے سو فیصد سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی اور ان میچوں کیلئے پی ایس ایل فائنل کی طرز پر بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان میچوں کو کامیاب بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو محنت اور جذبے سے کام کرنا ہو گا اورسب نے ایک ٹیم کے طور پر کام کر کے نتائج دیناہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں اور فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کیساتھ ساتھ دیگر انتظامات بھی شاندار ہونے چاہیئں جس طرح آپ نے پہلے محنت، لگن اور جذبے سے کام کیا‘ اسی عزم کے ساتھ آئندہ بھی فرائض کی ذمہ داری نبھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیںاور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ بازاروں، پارکوں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی ہو گی۔ اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور میں کسی صورت خلاف ورزی برداشت نہیں کروں گا۔ شہبازشریف کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب نے چیف سیکرٹری سندھ سے رابطہ کیا ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے سندھ حکومات کو بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیئے ہرممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو امدادی سرگرمیوں اور ریسکیو کیلئے جو مدد چاہئے۔ فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں اور ہم اپنے بھائیوں کی مدد کیلئے ہر طرح سے حاضر ہیں۔