عید کا تحفہ پٹرول 2 روپے لٹرایل پی جی 5 روپے کلو مہنگی
اسلام آباد+لاہور (خصوصی نمائندہ + نیوز رپورٹر) عید کا تحفہ عوام کو دے دیا گیا وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں دو روپے فی لٹر اضافہ کر دیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق حکومت نے ماہ ستمبر کیلئے ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے جبکہ پٹرول (ایم ایس 92 رون) کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ یکم ستمبر سے 30 ستمبر 2017ء کے عرصہ کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اوگرا کی سفارشات اور عالمی منڈی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملہ پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ ماہ ستمبر کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھی جائیں گی۔ پٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں اس کی نئی قیمت 71.50 روپے فی لٹر ہو گی۔ اوگرا کی جانب سے عالمی مارکیٹ میں موجودہ قیمتوں کی بنیاد پر پٹرول کی قیمت میں 2.35 روپے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 0.75 فی لٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 15.79 روپے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12.18 روپے فی لٹر اضافہ کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ دریں اثنا عیدالاضحی سے ایک روز قبل ایل پی جی کی قیمت میں5 روپے فی کلواضافہ ہوگیا جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 60روپے اور کمرشل سیلنڈرکی قیمت میں 240روپے کا اضافہ ہو گیا۔ قیمت میں اضافے سے کراچی 95روپے فی کلو، 1090روپے گھریلو سلنڈر، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ، پشاور 100روپے فی کلو 1150روپے گھریلو سلنڈر، رحیم یار خان، صادق آباد، حیدر آباد، ، اٹک ،گجرات، میرپور آزاد کشمیر120روپے فی کلو، 1390روپے گھریلو سلنڈر، راولپنڈی ، اسلام آباد، ایبٹ آباد،مظفر آباد، باغ، فاٹا، کوٹلی، ٓآزادکشمیر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، میر پور خاص، عمر کوٹ، نواب شاہ، منباری، ٹھٹہ، دادو، جام شورو، شکار پور125روپے فی کلو1450روپے گھریلو سلنڈر،گلگت بلتستان، مری،نتھیا گلی، بالاکوٹ،130روپے کلو،1510روپے گھریلو سلنڈرہوگیا ہے۔