گارڈین کورٹس کے باہر شدید رش، جذباتی مناظر، تحائف لیکر بچے خوش، والدین پریشان
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) گرڈین کورٹس میں بچوں کی حوالگی کے زیرسماعت مقدمات کے فریق والدین کی بڑی تعداد نے عید کے موقع پر بچوں سے ملاقات کیلئے فاضل عدالتوں میں درخواستیں دائر کر دیں۔ گزشتہ روز بچوں کو عید کے تحائف دینے کیلئے 32 کے قریب ناراض والدین نے گارڈین کورٹس میں اپنے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں عید کے کپڑے، جوتے، کھلونے، کھانے پینے کی اشیاء دیں۔ عدالتوں کے باہر شدید رش اور ہر طرف جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ تحائف لیکر بچے بہت خوش تھے لیکن انکے والدین پریشان نظر آئے۔ گارڈین کورٹس میں بچوں سے ملاقات کے وقت دو بچوں کے والدین اور ان کے رشتہ داروں میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ فاضل عدالتوں نے عید پر بچوں سے ملاقات کرانے کی 75 سے زائد درخواستوں کی سماعت کی۔ 94 بچے عید کے روز اپنے والدین سے ملاقات کریں گے۔ 20 درخواستوں پر فاضل گارین ججز نے بچوں کو عید کا آدھا دن باپ اور آدھا دن ماں کے ساتھ گزارنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ بچوں کی طرف سے اکٹھے عید منانے کی شدید خواہش پر اور بچوں کو روتا دیکھ کر بعض ناراض والدین میں صلح بھی ہو گئی۔