• news

عائشہ گلالئی کیخلاف پی ٹی آئی کا ریفرنس الیکشن کمشن 7 ستمبر کو سماعت کریگا ‘سپیکر نے الیکشن کمشن کو بھجوایا تھا، نوٹس جاری

اسلام آباد (صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی کی اسمبلی رکنیت سے نا اہلی کا ریفرنس الیکشن کمشن کو بھجوا دیا ہے۔ الیکشن کمشن نے ریفرنس سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے عائشہ گلالئی اور پی ٹی آئی کو نوٹسز جاری کر کے سماعت 7 ستمبر کومقرر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین پر سنگین الزامات لگا کر پارٹی چھوڑنے والی عائشہ گلالئی کی اسمبلی رکنیت سے نااہلی کا ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوایا تھا جو انہوں نے جائزہ لینے کے بعد الیکشن کمشن کو بھجوا دیا ہے۔ الیکشن کمشن نے ریفرنس سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے عائشہ گلالئی اور پی ٹی آئی کو نوٹسز جاری کر کے سماعت 7 ستمبر کو مقرر کر دی۔ خیال رہے کہ اگر الیکشن کمشن پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیتا ہے تو عائشہ گلالئی اسمبلی رکنیت سے محروم ہو جائیں گے تاہم وہ نااہل نہیں ہوں گی بلکہ الیکشن میں حصہ لے کر دوبارہ منتخب ہو سکیں گی۔ واضح رہے کہ عائشہ گلالئی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن