این اے 120 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ‘الیکشن کمشن نے بلال یاسین کو طلب کر لیا، 3 لاکھ سے زائد ووٹر ووٹ ڈالیں گے، فہرست جاری
اسلام آباد+لاہور (خصوصی نمائندہ+ این این آئی+خبر نگار) الیکشن کمشن نے حلقہ این اے 120 لاہور میں ضمنی الیکشن سے متعلق حتمی فہرست جاری کر دی۔ این اے 120 میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے والوں کی کل تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 7 سو 86 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 79 ہزار 6 سو 42 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 42 ہزار ایک سو 44 ہے۔ کل 220 پولنگ سٹیشنز بنائے جائیں گے جن میں سے 103 پولنگ سٹیشنز مردوں کے لیے جبکہ خواتین کے لیے 98 پولنگ سٹیشنز مقرر کیے جائیں گے۔ حلقے میں 19 پولنگ سٹیشنز مردوں اور عورتوں کے لیے مشترکہ ہوں گے۔ الیکشن کمشن نے حلقہ این اے 120 میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کو 5ستمبر کو طلب کر لیا۔ الیکشن کمشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مانیٹرنگ افسر کی رپورٹ کے مطابق بلال یاسین نے 30اگست کو موہنی روڈ لاہور پر کلثوم نواز کے لئے نکالی گئی ریلی میں شرکت کی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمشن کسی کو بھی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے سکتا اور کسی خلاف ورزی کی صورت میں بھرپور قانونی کارروائی کا اختیار استعمال ہو گا۔