• news

پردیسیوں کی روانگی، ریلوے سٹیشن، لاری اڈوں پر انتہائی رش، مسافر شدید پریشان، لاہور خالی

لاہور (شہزادہ خالد) پردیسیوں نے عید اہل خانہ کے ساتھ گزارنے کے لئے لاہور کو خالی کرنا شروع کر دیا ہے۔ عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ بانٹنے کے لئے پردیسیوں کی اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانگی جاری ہے۔ گزشتہ روز لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک کا رش معمول سے انتہائی کم رہا جب کہ لاری اڈوں، ریلوے سٹیشن، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہدرہ چوک، یتیم خانہ چوک میں مسافروں کا انتہائی رش دیکھنے میں آیا۔ تمام نجی بس اڈوں پر مسافروں کو ٹکٹیں نہ مل سکیں جس سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈائیو بس سروس کے منیجر شاہ زمان نے نوائے وقت کو بتایا کہ ایک ہفتہ قبل ہی تمام علاقوں کو جانے والی بسوں کے ٹکٹ خرید لئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا اس مرتبہ سیٹوں کی بکنگ بند کر دی گئی ہے اور صرف ٹرمینل پر آنے والوں کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود تمام ٹکٹ سیل ہو چکے ہیں اور روٹین کی بسوں کے علاوہ عید کے حوالے سے سپیشل بسیں چلانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ مسافروں جن میں رضوان، اشفاق بھٹی، سعید کھوکھر ودیگر شامل ہی انہوں نے کہا کہ حکومت کو عید پر خصوصی ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنا چاہئے تھا انہوں نے کہا کہ سرکاری بسیں ختم کر دی گئی ہیں اور پرائیویٹ بسوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ خصوصی تہواروں پر مسافروں کو خوار کیا جاتا ہے۔ مسافروں نے بتایا کہ لاری اڈوں پر کرایہ زیادہ لینے اور سیٹ نہ ملنے پرکنڈیکٹر غیر انسانی سلوک کرتے ہیں۔ ڈائیوو، فیصل موور، علی ایکسپریس و دیگر بس سروسز میں بکنگ ایک ہفتہ قبل ہی بند کر دی گئی۔ میٹرو بس میں بھی ریکارڈ رش دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ روز ایک لاکھ70 ہزار مسافروں نے میٹرو بس میں سفر کیا۔ ویگنوں،، بسوں، رکشہ ودیگر ٹرانسپورٹرز نے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے۔ مسافروں کے رش کے باعث منہ مانگے کرائے وصول کئے گئے۔ ایل ٹی سی، آر ٹی سی اہلکار زائد کرایوں کی وصولی روکنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جیب کترے بھی مسافروں کی جیبوں سے عیدی نکالتے رہے۔ لاری اڈوں پر سکیورٹی کے ناقص انتظامات سمیت مسافروں کو مسائل کا سامنا ہے۔ مختلف ٹرانسپورٹرز نے ضلعی انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹر ہر صورت فراہم کئے جائیں گے لیکن ان ٹرانسپورٹ اڈوں پر ایسے کوئی اقدامات دکھائی نہیںدیئے۔

ای پیپر-دی نیشن