صنعتوں کو بجلی پر سبسڈی دینے کیلئے 12 ارب روپے سے زائد جاری کرنے کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزارت خزانہ نے صنعتی شعبہ کو بجلی پر سبسڈی دینے کیلئے 12.640 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی۔ صنعتی شعبہ کو بجلی کی فراہمی پر سبسڈی دینے کا اعلان فروری 2016ء میں وزیراعظم کے انڈسٹریل سپورٹ پیکیج میں کیا گیا تھا۔ حکومت نے 2016ء میں بھی صنعتی شعبہ کو 5.6 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی تھی۔ دریں اثناء وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ صنعتی شعبہ کیلئے حکومتی امداد کا مقصد ملک میں مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں اقتصادی سرگرمی میں تیزی آئے گی اور نتیجہ کے طور پر روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ دریں اثنا وزارت خزانہ کے مطابق تنخواہ داروں کے لئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ تنخواہ دار انکم ٹیکس دہندگان 30 ستمبر تک گوشوارے جمع کرا سکیں گے۔