• news

11 ستمبر کا احتساب مارچ کرپشن کے خاتمہ کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 11 ستمبر کے احتساب مارچ کی تیاریوں کے سلسلہ میں منصورہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 ستمبر کا احتساب مارچ ملک سے کرپشن کے خاتمہ اور کرپٹ مافیا کے احتساب کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ جب تک کرپٹ حکمرانوں کو پکڑ کر ان سے لوٹی گئی قومی دولت واپس نہیں لے لیتے، چوروں اور لٹیروں کا پیچھا کرتے رہیں گے۔ نیب معاشی دہشتگردوں کو پکڑنے کی بجائے ان کا سہولت کار بنا رہا ہے۔ جب تک احتساب عدالتیں اپنا فرض پورا نہیں کرتیں، لوٹ کھسوٹ کا یہ نظام مسلط رہے گا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ احتساب مارچ کرپشن فری پاکستان تحریک کو مہمیز دے گا۔ مارچ میں لاہور سے راولپنڈی تک ہزاروں لوگ شریک ہوں گے۔ ہم کرپشن میں ملوث بااثر افراد کو پکڑنے اور قومی دولت واپس لینے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پلی بارگیننگ کے نام پر اربوں روپے لوٹنے والوں سے چند کروڑ لے کر انہیں سات خون معاف کر دیئے جاتے ہیں جس کا انہیں اختیار ہی نہیں۔ احتساب مارچ 11 ستمبر کو صبح 10 بجے داتا دربار لاہور سے شروع ہوگا اور شام تک راولپنڈی پہنچ جائے گا۔ سینیٹر سراج الحق احتساب مارچ کے راستے کے بڑے شہروں گوجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، وزیر آباد، لالہ موسیٰ، جہلم، گوجر خان میں استقبالی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حافظ ساجد انور، امیر العظیم، سید وقاص جعفری، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد، بلال قدرت بٹ، مولانا جاوید قصوری، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن