تونسہ: دہشتگردوں کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی‘ اہلکار شہید‘ بلوچستان: فورسز کی کارروائی‘ 10 شرپسند ہلاک
لاہور/ کوئٹہ/ چکوال/ کالاباغ/ وہوا/ تونسہ (صباح نیوز+ اے این این+ نامہ نگاران) پولیس کا مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن، 237 مشتبہ افراد، اشتہاری اور منشیات فروش گرفتار کر لئے۔ گزشتہ روز لاہور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں کوٹھا پنڈ، خان کالونی، وحدت کالونی، گلشن راوی، شیراکوٹ، نواں کوٹ، ساندہ اور اقبال ٹائون میں سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران سینکڑوں گھروں اور ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی۔ آپریشن کے دوران بائیومیٹرک تصدیق کا عمل بھی دہرایا گیا۔ پولیس نے کوائف نامکمل ہونے پر31 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق سرچ آپریشن مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کئے گئے۔ چکوال پولیس نے سرچ آپریشن میں اشتہاریوں سمیت 6 ملزموں کو گرفتارکر لیا۔ ملزموں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ آپریشن تھانہ کلرکہار اور تھانہ سٹی چکوال کے علاقوں میں کیا گیا۔ اس دوران 32 گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ 128 افراد کو بائیومیٹرک تصدیق کے بعد رہا کر دیاگیا، گرفتار ملزموں کو تھانے منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ تھانہ سٹی، موچھ، چھدور، کندیاں، چاپری اور کمر مشانی کے مضافاتی علاقوں میں پولیس کا دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سرچ آپریشن، تعلیمی و دینی مدارس، گھروں، پشتون خیمہ بستیوں کو چیک کیا۔ کرایہ داری ایکٹ، اسلحہ ناجائز و منشیات ودیگر قوانین کے تحت تلاشی عمل میں لائی گئی۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف کریک ڈائون کرتے رائفل بارہ بور رائفل تین سو تین، 61 کارتوس برآمد کئے۔ 155گھروں کو چیک کیا، 250 افراد کو بائیومیٹرک تصدیق کی، 200 مشتبہ افراد کو زیرحراست لیا۔ اس موقع پر سرکل افسران سمیت پولیس کی بھاری نفری، ایلیٹ فورس، کوئیک رسپانس فورس، ڈولفن سکواڈ اور حساس اداروں کے اہلکاروں کے اہلکار بھی موجود تھے۔ وہوا‘ تونسہ سے نامہ نگار کے مطابق وہوا کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ، سی ٹی ڈی اہلکار شہید، پندرہ روز قبل ہی اس کی تعیناتی سی ٹی ڈی سرکل تونسہ شریف میں کی گئی تھی، ایک سال قبل اسی جگہ کے قریب سیکیورٹی برانچ کے ایک اہلکار کو دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا، دہشت گردوں کی عمر 25 سال کے لگ بھگ تھی اور وہ کلین شیو تھے، علاقہ بھر کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ جلووالی کا رہائشی سی ٹی ڈی اہلکارجاوید اقبال کھتران (عرف جاوید کٹ) سہیل کھتران کی دکان احمد گیس سنٹرکے باہر بیٹھا ہوا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے جاوید اقبال پرپستول سے فائرنگ کردی جس سے وہ سر میں گولیاں لگنے سے موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ حملہ آور نامعلوم سمت میں فرار ہوگئے۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 10 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ سکیورٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ فورسز نے جمعرات کی صبح ہرنائی کے پہاڑی سلسلے میں شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی جس میں 10 شدت پسند مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاک کئے جانے والے شدت پسندوں کے قصبے سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا جبکہ فورسز نے ان کے 3 ٹھکانے بھی مسمار کر دیئے۔ عہدیدار کے مطابق ہلاک ہونے والے شرپسند علاقے میں بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ انہوں نے 14 اگست کو فرنٹیر کور (ایف سی) کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا جس میں 8 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔