• news

سفارتی تعلقات مزید کشیدہ‘ روس سان فرانسسکو میں قونصلیٹ بند کرے: امریکہ کا حکم

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ + بی بی سی+ اے ایف پی) امریکہ نے روس کی جانب امریکی سفارتی عملے کو ملک سے نکل جانے کے حکم کے جواب میں اسے سان فرانسیسکو میں اپنا قونصلیٹ اور دیگر دو رہائشی عمارتوں کو 2 ستمبر تک بند کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ قونصل خانے کو بند کرنے کے اقدامات روس کی جانب سے گذشتہ ماہ ملک سے امریکی سفارتی مشنز کے عملے کے 755 ارکان کو نکل جانے کے حکم کے جواب میں کیے ہیں۔ ترجمان نے کہا واشنگٹن اور نیویارک میں زیراستعمال عمارتوں کو ہفتے تک ہر حالت میں بند کر دینا ہو گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ برابری کی بنیاد پر کیا گیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ ماہ روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے اعلان کیا تھا کہ ماسکو پر نئی امریکی پابندیوں کے بعد ملک میں امریکی سفارتی مشنز کے عملے کے 755 ارکان کو لازمی ملک چھوڑنا ہو گا۔ روسی صدر کے اعلان کے مطابق امریکی عملے کو یکم ستمبر تک لازمی ملک سے نکلنا ہو گا یہ موجودہ تاریخ میں کسی ملک سے ایک وقت میں سفارت کاروں کی یہ سب سے بڑی بے دخلی ہے۔ سفارتی تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے واشنگٹن میں اینکسی بند کرنے کا کہا گیا ہے محکمہ خارجہ کے مطابق روس نے سفارتی توازن کا خود مطالبہ کیا تھا۔ اب امریکہ اور روس کے ایک دوسرے کے ممال میں3، 3 قونصلیٹ رہ جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن