کشیدگی کے خاتمے کیلئے مذاکرات پر تیار‘ پاکستان کیساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں: افغان صدر
کابل (نیوز ایجنسیاں+نیٹ نیوز) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدہ تعلقات کے خاتمے کیلئے پاکستان کو جامع مذاکرات کی پیشکش کردی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صدر کا کہنا تھا پاکستان کے ساتھ پُرامن تعلقات ہمارا قومی ایجنڈہ ہے، ساتھ ہی انہوں نے عسکریت پسندوں پر ہتھیار ڈالنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے بہتر تعلقات ہی خطے میں امن قائم کر سکتے ہیں۔ ایسا ایجنڈا چاہتے ہیں جس کی بنیاد سیاسی نظرئیے پر ہو۔ دنیا کو معلوم ہو چکا ہے کہ افغانستان کو زور سے کسی کام کیلئے مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ خطے کی سلامتی کی خاطر ہم منطق اور استدلال کے تحت ہرقدم اٹھانے کو تیار ہیں۔ باغیوں اور جنگجوئوں سے مطالبہ کیا ہے کہ امن عمل کا حصہ بنیں۔ میں سب کی طرف امن کا ہاتھ بڑھا رہا ہوں امن خدا کا حکم ہے۔ طالبان سمیت سب کیلئے دروازے کھلے ہیں‘ کسی طاقت کے آگے نہیں جھکیں گے۔