تین خودکشیاں: بچوں کیلئے عید پر نئے کپڑے نہ بننے پر 8 بچوں کے باپ نے زندگی ختم کرلی
عارف والا، ساہیوال، عارفوالا (نامہ نگاران) عید پر بچوں کیلئے نئے کپڑے نہ بننے پر دلبرداشتہ ہو کر 8 بچوں کے باپ نے خودکشی کرلی۔ علاوہ ازیں دیگر واقعات میں امتحان میں فیل ہونے پر نویں کے طالب علم اور گھریلو جھگڑے پر نوجوان نے زندگی ختم کر لی۔ عارفوالا کے نواحی گائوں ای بی 349 کے 40 سالہ اسلم نے عیدالاضحیٰ پر بچوں کو نئے کپڑے مہیا نہ کرنے کی وجہ سے نہر میں چھلانگ لگا دی، تاحال نعش نہ مل سکی۔ عینی شاہدین کے مطابق اسلم ڈوبتے وقت چیختا چلاتا رہا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسلم کا ذہنی توازن درست نہ تھا۔ علاوہ ازیں ساہیوال کے نواحی گائوں قطب شہانہ میں گھریلو جھگڑے پر نوجوان طالب حسین زہریلی سپرے پانی ڈال کر پی لی۔ اسے سول ہسپتال لایا گیا مگر وہ دم توڑ گیا۔ دریں اثناء وزیرآباد میں سعودی عرب میں مقیم موضع روڈالہ چیمہ کے اظہر علی کا 15 سالہ بیٹم اسد علی نویں کے امتحان میں فیل ہو گیا۔ والدین کے ڈانٹنے پر دلبرداشتہ ہو کر اسد نے گلے میں پھندا ڈال کر چھت والے پنکھے سے جھول کر خود کشی کر لی۔