• news

پابندی کی زد میں آنے والے افراد ، تنظیمو ں کو کھالیں نہ دی جائیں:محکمہ داخلہ

لاہور( این این آئی) محکمہ داخلہ پنجاب نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے افراد ، تنظیمیں یا ادارے جن پر حکومت کی طرف سے پابندی عائد کی گئی ہے انہیں ہرگز قربانی کی کھالیں نہ دی جائیں۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی مالی معاونت ایک سنگین جرم ہے ،تاجر بھی صرف ایسے اداروں یا افراد سے کھالیں خریدیں جن کے پاس متعلقہ ڈپٹی کمشنر کا اجازت نامہ ،سرٹیفکیٹ موجود ہو ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے ’’ وطن عزیز کے تحفظ کی بات ،احساس ذمہ داری کے ساتھ ‘‘ کے لوگو سے جاری آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی طرف سے پابندی کی زد میں آنے والے افراد، تنظیمیں یا ادارے آپ کے تعاون کو ملک دشمن مقاصد کے لئے استعمال کر سکتے ہیں لہٰذا کھالیں صرف ڈپٹی کمشنر ز سے منظور شدہ اداروں یا تنظیموں کو دی جائیں۔ محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے پانچ نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ڈپٹی کمشنر سے منظور شدہ اداروں اور تنظیموں کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت ہے ، ایسے اداروں یا تنظیموں کو محض مخصوص جگہوں پر کھالیں اکٹھی کرنے کے کیمپ قائم کرنے کی اجاز ت ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن