اسلام غریبوں، مظلوموں، یتیمو ں کا غمگسار دین ہے: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اسلامیان پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام غریبوں، مظلوموں، یتیموں کا غمگسار دین ہے، اسلامی اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی، اللہ رب العزت پاکستان اور اسکے 20کروڑ سے زائد عوام کی حفاظت کرے، پاکستان کے اندرونی بیرونی دشمنوں کو ناکام کرے اور امت مسلمہ کو اتحاد کی لڑی میں پروئے۔ انہوں نے گزشتہ روز جامع المنہاج میں نماز جمعہ ادا کی اور عہدیداروں، کارکنوں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم ان 74ہزار سے زائد شہدائے پاکستان کے عزیزواقارب اور اہلخانہ کو بھی بطور خاص مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کیلئے اپنے پیاروں کی موت کے دکھ کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور استقامت کے ساتھ دہشتگردی کو رد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر فخر ہے اتحاد اور اخلاص کی قوت سے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جائے،پاکستان کے 20کروڑ سے زائد عوام اسکی اصل طاقت اور محافظ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن سنت ابراہیمی ؓ کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی نے اسلام کے پر امن تشخص کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، امت مسلمہ کے ہر فرد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنی قوت اور استعداد کے مطابق آواز بلند کرے۔