یابیٹ کمپنی پاکستان میں کام نہیں کرتی‘ چینی سفارتخانہ: ملتان میٹرو کرپشن پر میری بے گناہی کا ثبوت مل گیا‘ شہباز شریف
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان میں چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژاؤ نے ملتان میٹرو منصوبے میں چینی کمپنی کے ذریعے کرپشن کے الزامات باضابطہ طور تردید کر دی اور کہا کہ جیانگسو یابائٹ ٹیکنالوجی کارپوریشن لمیٹڈ کا پاکستان میں کوئی وجود نہیں۔ جمعہ کو چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژاؤ نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ جیانگسو یابائٹ ٹیکنالوجی کارپوریشن لمیٹڈ پاکستان میں کام نہیں کررہی تھی اس کمپنی نے حکومت کو دھوکا دینے کے لئے چند جعلی خطوط بنائے جس پر اسے سزا دی گئی۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں لی جیان ژائو نے کہا سی پیک منصوبہ صاف اور شفاف ہے جس میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اس سے قبل وزیراعلی پنجاب نے ملتان میٹرو میں کرپشن کے الزامات مسترد کر دیئے تھے اور اب چینی سفارتخانے نے کہا ہے کہ یابائٹ نے کبھی پاکستان میں کام ہی نہیں کیا۔ میڈیا رپورٹس میں الزام لگایا تھا کہ ملتان میٹرو پراجیکٹ میں کرپشن ایک چینی کمپنی کے نام پر ہوئی ہے اور چینی حکومت کے ایک ریگولیشن ادارے نے چینی کمپنی کے بنک اکائونٹ میں پاکستان سے بھیجے گئے 17 ملین ڈالرز پر تحقیقات کیں اور پوچھا کہ اتنے پیسے کہاںسے آئے جس پر انہیں جواب دیا گیا کہ ہم نے ملتان میٹرو پراجیکٹ سے یہ پیسے کمائے ہیں۔ رپورٹ میں یہ دعوی کیاگیا تھا کہ چینی تحقیق کار اس معاملے کی چھان بین کے لئے 2 مرتبہ پاکستان آئے اور یہ معاملہ تقریباً سات آٹھ مہینے سے چل رہا ہے۔
لاہور (خصوصی رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ چینی عوام اور حکومت کی نظر میں پاکستان کی بہت اہمیت ہے۔ ملتان میٹرو میں کرپشن کی تردید پر چینی حکومت کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی سفیر کا بیان میری بے گناہی کا ثبوت ہے۔ چین کی نظر میں پاکستانی عوام کا احترام بڑھا ہے۔ علاوہ ازیں حافظ عبدالکریم کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بے لوث عوامی خدمت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اور ایک ایک پائی دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ کے منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہے۔ منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنایا گیا ہے اور ہمارے منصوبے شفافیت میں اپنی مثال آپ ہیں اور ملکی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ منصوبوں میں اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور بے بنیاد الزام تراشی کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے اور عوام جان چکے ہیں کہ بہتان تراشی کرنے والے عناصر صرف ترقی روکنا چاہتے ہیں اور دروغ گوئی کی سیاست پہلے کامیاب ہوئی نہ آئندہ کامیاب ہو گی۔ جو لوگ عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنا چاہتے تھے وہ سیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام صرف اور صرف ترقی و خوشحالی اور امن چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تک جان میں جان ہے، عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا اور ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے اور زرعی پیکیج کی ایک ایک پائی کاشتکاروں کی فلاح و بہبود پر صرف کی جا رہی ہے۔ زرعی پیکیج کے تحت کسانوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو آسان شرائط پر اربوں روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں اور اپنے کاشتکاروں کو عالمی کساد بازاری سے بچانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت نعیم اختر بھابھہ سے بات کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی اہلیہ اور اپنی بھابی بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے ترکی کی ہلال احمر کے نائب صدر اسماعیل حقی ترونگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے ترک بھائیوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کی لاہور آمد سے ہماری عیدالاضحی کی خوشیاں دوبالا ہو گئی ہیں۔ پاکستان اور ترکی تاریخی برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ 2010ء کے سیلاب میں ترک بہن بھائیوں نے جس طرح پنجاب کے عوام کی مدد کی‘ ہم اسے کبھی نہیں بھلا سکتے۔