• news

راے ونڈ: عید خریداری کرکے گھر لوٹنے والی 2 بہنیں ٹرین تلے آ کر جاںبحق

رائے ونڈ (نامہ نگار) عید کی خریداری کرکے گھر لوٹنے والی دو بہنیں ریلوے لائنیں عبور کرتے ہوئے گاڑی تلے آکر کچلی گئیں، موقع پر ہلاک، دونوں رائے ونڈ کی نواحی یوسی بابلیانہ کی رہائشی شادی شدہ خواتین تھیں، ایک کا نام سائرہ بی بی اور دوسری کا اختری بی بی بتایا جاتا ہے، جو کہ لاہور سے کوئٹہ جانے والی 40ڈائون جعفر ایکسپریس کی زد میں آئیں، ریلوے پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد دونوں نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں، عینی شاہدین کے مطابق دونوں بہنیں باتوں میں مگن ریلوے کی پٹری میں باتیں کرتے ہوئے واپس گھر جارہیں تھیں، اختری بی بی کے بیٹے کی دس ستمبر کو شادی ہے جس کی شاپنگ کرکے وہ بازار سے گھر آرہیں تھیں کہ بابلیانہ پھاٹک کے قریب ریلوے لائنوں کے بیچ سے گزرنے لگیں اور موت کے منہ میں چلی گئیں، ریلوے لائینوں میں خون میں لت پت کٹی لاشوں کے ساتھ خون آلود نئے ملبوسات بھی بکھرے پڑے تھے، دوسری طرف یہی گاڑی پہلے مویشی منڈی سے گزرتی ہوئی قربانی کی ایک گائے کو بھی کچل کر گزر گئی تھی، گاڑی جب ریلوے لائینوں میں لگی غیر قانونی مویشی منڈی سے گزری تو ٹرین کے تیز ہارن کی وجہ سے گائے بدک گئی اور بھاگتے ہوئے ٹرین سے جاٹکرائی، یوں یہ ٹرین دو انسانوں اور ایک جانور کی موت کا سبب بن گئی۔

ای پیپر-دی نیشن