پاکپتن : بچوں کے خرچے کا دعویٰ کرنے پر شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا، حالت تشویشناک
پاک پتن(نامہ نگار)بچوں کے خرچے کاکیس دائر کرنے پر خاوند نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا ، خاتون کو تشویشناک حالت کے باعث ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا۔ بتایاگیاہے کہ محلہ ظفرا ٓباد کی رہائشی 45 سالہ نجمہ بی بی اپنے شوہر محمد شفیق کے ساتھ بچوں کے خرچہ کے جھگڑے پر ناراض ہو کر اپنے والدین کے پاس رہائش پذیر تھی ۔ نجمہ بی بی نے اپنے 6 بچوں کے خرچہ کیلئے عدالت میں کیس دائر کیا جس پر عدالت نے محمد شفیق کو طلب کرتے ہوئے کیس کے فیصلہ تک اسے اپنا پلاٹ فروخت کرنے سے روک دیاجس پر محمد شفیق نے طیش میں آکر محلہ ظفر آباد میں اپنے والدین کے گھر رہائش پذیر محنت کش خاتون نجمہ بی بی پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹر کٹ ایمرجنسی آفیسر ناصر حسن نے ریسکیو ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر خاتون کو طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال شفٹ کردیا جہاں پر خاتون کی تشویشناک حالت بیان کی جارہی ہے ، تیزاب گردی کا شکار ہونیوالی 45 سالہ نجمہ بی بی اپنے والدین کے پاس رہائش اختیار کرکے لوگوں کے گھروں میں کام کاج کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پال رہی تھی ۔ایس ایچ او تھا نہ سٹی رانا ندیم اقبال کے مطا بق پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ملزم کے بھائی کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پولیس مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔