ہماری زندگیاں پاکستان کےلئے ہیں، کوئی ملک سے بالا نہیں : آرمی چیف
راولپنڈی+کوئٹہ (آئی این پی+بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کو اتحاد کے ذریعے بہترین ملک بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا جذبہ ہے اور ہماری زندگیاں پاکستان کیلئے ہیں، ملک سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے اور کوئی شخص ملک سے بالاتر نہیں، بلوچستان کی ترقی پاکستان کے لئے نہایت اہم ہے، صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مکمل ہونا چاہئے، بلوچستان میں ترقی کے لئے پاک فوج تمام ریاستی اداروں کی مدد کرے گی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کا پہلا دن پاک افغان سرحد کے قریب راجگال کے علاقے میں فوجیوں کے ساتھ گزارا۔ اس موقع پر فوجی جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے متحد ہوکر پاکستان کو بہترین ملک بنانے کا عزم ظاہرکیا۔ بری فوج کے سربراہ نے کہاکہ مادر وطن اوراس کے عوام کے تحفظ کیلئے عید فرائض کی ادائیگی میں گزارنا مسلح افواج کے اہلکاروں کیلئے بہترین جشن ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا جذبہ ہے اور ہماری زندگیاں پاکستان کیلئے ہیں۔ ملک سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے اور کوئی شخص ملک سے بالاتر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے فرائض کی انجام دہی ہی سب سے بڑی خوشی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ایک اور بیان کے مطابق آرمی چیف نے عید کے دوسرے روز گوادر اور تربت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوجی جوانوں اور افسران سے ملاقات کی اور عید ملے۔ آرمی چیف قبائلی عمائدین سے بھی ملے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے17 جولائی کو حیات آباد میں ہونے والے خودکش حملے میں شہید میجر جمال شیران کے اہل خانہ سے بھی گھر جا کر ملاقات کی۔