پشاور کے باسی ڈینگی کا شکار، عمران ٹھنڈے موسم کے مزے لینے میں مصروف ہیں: احسن اقبال
شکرگڑھ، نارووال (نامہ نگاران) پاکستان کے عوام نواز شریف کے ویژن اور ترقیاتی ایجنڈے سے متفق ہیں، پشاور کے باسی ڈینگی کا شکار ہیں جبکہ عمران خان ٹھنڈے موسم کے مزے لینے میں مصروف ہیں۔یہ بات وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے بستان تا نورکوٹ پختہ سڑک کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ عمران خان ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کی مخالفت کرتے ہیں، پہلے وہ ہمارے بڑے بڑے منصوبوں کی مخالفت کرتے ہیں، پھر ویسے ہی منصوبے خود شروع کر دیتے ہیںان کی سیاست کا دارو مدار تنقید پر ہے، کوئی عوامی لیڈر عوام کے مسائل حل کئے بغیر کیسے عوام کے دلوں میں رہ سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان سابقہ حکومتوں کے دور سے کئی گناہ بہتر ہے، 2013 میں بجلی بیس گھنٹے بند رہتی تھی اب 20 گھنٹے آتی ہے ،حکومت ،عوام اور فواج پاکستان نے مل کر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے،ملک کے تمام علاقوں میں کاروبار اور رونقیں بحال ہو رہی ہیں یہ ہے اصل تبدیلی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کنٹینر پر کھڑے ہوکر تقریر کرنے سے نہیں آتی۔ پیپلز پاٹری کے ایک بچے نے ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے۔ قوم پیپلز پارٹی کے 5 سال ابھی تک نہیں بھولی۔ یہ بھی ایک لطیفہ ہے کہ آصف زرداری صادق اور امین ہیں۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے کو ملزم ٹھہرا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک جیسے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا شاندار کارنامہ ہیں جنہیں کبھی بھلایا نہیں جا سکتا ،ان سب منصوبوں کے معمار میاں محمد نوازشریف ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی سے ملک خوشحالی کی راہ پر چل پڑا ہے،اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے،انہوں نے کہا ضلع نارووال میں سڑکوں کا جال بچھا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولتیں دستیاب ہو سکیں۔ اس موقع پر اراکین پنجاب اسمبلی رانا منان خان،خواجہ وسیم بٹ بھی موجود تھے۔
احسن اقبال