عراق : پاور پلانٹ پر خودکش دھماکہ‘ 7 افراد ہلاک‘ 12 زخمی‘ 2 حملہ آور بھی مارے گئے
بغداد ( آن لائن)عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک پاورپلانٹ میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بغداد سے ایک سو کلومیٹر کے فاصلے پرواقع شہر سامرا میں ایک پاورپلانٹ میں گرنیڈ اور بارودی بیلٹ پہنے تین حملہ آور داخل ہوئے اور دھماکوں سے 7 افراد ہلاک اور12 زخمی ہوگئے ،پاورپلانٹ میں خود کش دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور دوخود کش بمبار کو ہلاک کردیا اور دیگر کارکنوں کو بچا لیا گیا۔خیال رہے کہ دہشت گرد گروہ دولت اسلامیہ (داعش) ماضی میں عراقی انتظامیہ اور عام مقامات کو مسلسل نشانہ بناتا رہا ہے تاہم مذکورہ واقعے کی ذمہ داری کسی گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔