ملکی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ ‘ متحد ہو کر خطرات کو شکست دیں گے: شہباز شریف‘ لندن پہنچ گئے
لاہور‘ لندن (خبر نگار+ نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ماہ ستمبر کو پاکستان کی تاریخ میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ ستمبر1965ء کی جنگ میں پاک افواج نے پاکستان پر جارحیت کرنیوالے دشمن کو منہ توڑ جواب دیااور اسے پسپائی پر مجبور کیا ۔ وطن کے دفاع کے جذبے سے سرشار پاک فوج کے افسروں اورجوانوں نے دشمن کے دانت کھٹے کیے اور اس کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔پاک افواج نے دفاع وطن کی جنگ میںبہادری کی ایسی لازوال داستانیں رقم کیں کہ تاریخ عالم اس کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے ۔ یوم دفاع کے موقع پرپیغام میں انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کی جنگ میں پاک افواج اورپوری قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی اور پاک افواج اورقوم نے دشمن کی جارحیت کا پوری قوت سے منہ توڑ جواب دیا ۔ ملک کے دفاع کی جنگ کے دوران قوم نے جس وحدت اور اتحاد کا عملی ثبوت دیاتھاآج پھر اسی قومی اتحاد اورجذبے کی ضرورت ہے۔ قیام پاکستان سے لیکر اب تک پاکستانی قوم نے آزمائش کی ہر گھڑی میں استقامت کیساتھ چیلنجوں کا مقابلہ کیا ہے اور6 ستمبر پاکستان سے وفا کے عزم کے اعادہ اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم اورپاکستان کی بہادر مسلح افواج یکجان ہیں۔پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت دشمن کی سازشوں اور ہتھکنڈوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہے اور ہم پاکستان کی سلامتی اور سا لمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے اور ملکی وقار کو ہمیشہ بلند رکھیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیاسی و عسکری قیادت نے جس مثالی یک جہتی کا مظاہرہ کیا ، وہ ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ قومی اتحاد و یگانگت کی اس مثال نے پاکستان کے تمام دشمنوں پر واضح کر دیا ہے کہ ملکی سلامتی اور بقاء کو لاحق کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے یہ قوم متحد ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 1998 میں ایٹمی دھماکے کرکے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے اور پاکستانی قوم، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو جڑ سے اْکھاڑنے کیلئے پْرعزم ہیں۔ آئیے! آج ہم عہد کریں کہ بحیثیت قوم ہم متحد ہو کر اندرونی وبیرونی خطرات کو بھی اسی طرح شکست دیں گے جس طرح 1965 کی جنگ میں ہم نے محاذ جنگ پردشمن کو شکست دی تھی۔یوم دفاع کے موقع پر ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے استحکام کیلئے مل جل کر کام کرنے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست اور معاشی قوت بنانے کیلئے بھر پور جدوجہد کرنے کاعزم کرنا ہے ۔شہبازشریف نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر بدترین ظلم و ستم اوران کی نسل کشی کی سخت الفاظ میں شدید مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے عالمی برادری، مسلم دنیا اور اقوام متحدہ پرزوردیا ہے کہ میانمارمیں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والی بدترین زیادتیوں پر چشم پوشی کی بجائے مسئلے کے حل کیلئے میانمار حکومت پر دبائو ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ میانمار میں مسلمانوں کا قتل عام اقلیتوں کی بے دردی سے نسل کشی کی بدترین مثال ہے ۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے علاقے پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے حملے میں شہید ہونے والے ایف سی کے لیفٹیننٹ کرنل اور 2 اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت کیا ہے اور شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عیدالاضحی کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے متعلقہ اداروں نے دن رات محنت کرکے صفائی کے بہترین انتظامات کئے۔ شہباز شریف نے پنجاب بھر میں عیدالاضحی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے پراطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروںکو شاباش دی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف لندن پہنچ گئے‘ ایئرپورٹ پر پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں کی کافی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔