• news

یوم دفاع آج جوش و جذبہ سے منایا جائے گا: دشمن کی گولیاں ختم ہو جائیں گی ہمارے سینے نہیں: آرمی چیف

اسلا م آباد/ لاہور (آن لائن+ این این آئی+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں 52واں یوم دفاع آج بدھ کو روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ پوری قوم اس دن کو اس عزم کی تجدید کے ساتھ مناتی ہے کہ وطن عزیز کی سلامتی اور خود مختاری کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ 6ستمبر یوم دفاع کو صبح کا آغاز ملک بھر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد پاک فوج کے یونٹس، بحریہ کی تنصیبات اور فضائیہ کے بیسز میں نماز فجر کے بعد شہداء کیلئے قرآن خوانی اور ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائوں سے ہو گا جبکہ وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے جا ئیں گے اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ لاہور، سرگودھا اور سیالکوٹ میں ہلال استقلال لہرائے جائیں گے۔ یوم دفاع کے حوالے سے اخبارات خصوصی سپلیمنٹ شائع کریں گے اور 65ء کی جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ملک کے مختلف شہروں میں شہریوں کی دلچسپی کیلئے فوجی ساز و سامان کی نمائش بھی کی جائے گی۔ پاک فوج نے یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے ’’دفاع وطن بقائے وطن ‘‘ کے نام سے نیا پرومو جاری کر دیا تاہم یوم دفاع کی خصوصی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز میں ہو گی جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمنوں پر واضح کیا ہے کہ تمہاری گولیاں ختم ہو جائیں گی لیکن ہمارے جوانوں کے سینے نہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پیغام بھی سنایا گیا جس میں آرمی چیف نے دشمنوں کو دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ وطن کی حفاظت کے دوران دشمن کی گولیاں ختم ہو جائیں گی لیکن ہمارے سینے ختم نہیں ہوں گے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد پاک فوج کے صدر دفتر جی ایچ کیو میں کیا جائے گا جس میں اعلی سول و عسکری حکام شرکت کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری ہونے والے ٹویٹر پیغام کے مطابق یوم دفاع کی مرکزی تقریب 6ستمبر بدھ کی رات 8 بجے شروع ہو گی جسے لائیو نشر کیا جائے گا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اس امر پر زور دیا ہے کہ ملک میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے 6 ستمبر کے جذبہ کو برقرار رکھنے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے، دنیا کی کسی قوم نے جانی و مالی صورت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی بھاری قیمت ادا نہیں کی جتنی پاکستان کے عوام نے ادا کی ہے۔ انہوں نے یہ بات یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ صدر نے کہا کہ 6 ستمبر ہمارے قومی کیلنڈر میں ایک یادگار دن ہے جب اہل پاکستان نے بے مثال قومی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور دشمن کی جانب سے ایک سنگین جارحیت کو ختم کرنے کیلئے اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی سالمیت، وقار اور بقاء کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ ہماری صفوں میں اتحاد برقرار رہے اور ہم وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کریں۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا وہ یادگار دِن ہے جب ہم نے بحیثیت قوم نہ صرف مادر وطن کا دفاع کیا بلکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ ایک خوددار اور زندہ قوم ہونے کے ناطے پاکستا نی قوم کسی بھی جارحیت اور خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع ہمیں ماضی کے ان واقعات کی یاد دلاتا ہے جب دشمن رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لاہور پر قبضہ کی خواہش کی غرض سے ہم پر حملہ آور ہوا اور پھر دنیا نے دیکھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بے مثال جرأت و بہادری کی ایک نئی داستان رقم کرتے ہوئے دشمن کی آرزئوں پر پانی پھیر دیا۔ انہوںنے اپنی شجاعت اور لازوال قربانیوں سے یہ ثابت کیا کہ قومیں محض تیرو تفنگ کی برتری سے فتح یاب نہیں ہوتیں بلکہ اِن کی بہادری اور استقلال ہے جو انہیں سرخرو کرتا ہے۔ گگو منڈی سے نامہ نگار کے مطابق یوم دفاع گگو منڈی طفیل آباد میں انتہائی جوش وخروش سے منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں میجر محمد طفیل شہید نشان حیدر کے مزار پر ایک پر وقار تقریب منعقد ہو گی جس میں پاک آرمی کا چاق چوبند دستہ شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائے گا اور سلامی پیش کرے گا۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کی طرف سے بھی میجر محمد طفیل شہید نشان حیدر کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان کا کہنا تھا پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاک فوج نے بے مثال جرات و بہادری سے دشمن کی آرزوئوں پر پانی پھیر دیا۔ آج کا پاکستان 1965ء کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ آج ہم ایک ایٹمی قوت ہیں، ہماری افواج پہلے سے زیادہ تربیت یافتہ اور چوکس ہیں۔ دشمن جانتا ہے پاکستان کو کھلی جارحیت کا نشانہ نہیں بنایا جا سکتا، فوج نے دشمن کی کمر توڑ دی۔

ای پیپر-دی نیشن