پاکستان سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک، ہمارے مضبوط تجارتی تعلقات ہیں: جرمن سفیر
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے کہا کہ میں اسلام آباد سے گوجرانوالہ تک ٹرین کا سفر کر کے آیا ہوں جس کا مقصد دنیا کے تمام کاروباری حضرات کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کاروباری سمیت ہر لحاظ سے محفوظ ملک ہے۔ جرمنی اور پاکستان کے مابین پرانے اور مضبوط تجارتی تعلقات موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے چیمبر اور ایمبیسی دونوں کلیدی کردار ادا کریں۔ مزید یہ کہ جرمنی کی کئی ایک کمپنیاں پاکستان کے مختلف سیکٹرز مثلاً سالڈ ویسٹ، صاف پانی، انفراسٹرکچر و دیگر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔ گوجرانوالہ چیمبر ہمیں ایسے مختلف سیکٹرز بتائے جن میں سرمایہ کاری ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان سے خطاب کے دوران کیا۔ صدارت چیمبر کے صدر سعید احمد تاج نے کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر شیخ عبدالرﺅف، ارکان مجلس عاملہ سابق صدور اخلاق احمد بٹ، حاجی محمد شکیل، میئر گوجرانوالہ شیخ ثروت اکرام کے علاوہ کاروباری برادری کی کثیرتعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے بتایا کہ میری تعیناتی ابھی نئی ہے لہٰذا میں آپ سے سیکھنے کیلئے آیا ہوں۔ پاکستان میں نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے جرمن حکومت آپ کی مدد کرنا چاہتی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان ہمیں بتائے کہ پاکستانی معیشت اور بدلتے ہوئے ماحول میں جرمنی کس طرح مدد کر سکتا ہے۔ حقیقی کاروباری حضرات کو کسی پریشانی کے بغیر ویزا جاری کیا جائے گا۔ صدر چیمبر سعید احمد تاج نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ جرمنی پاکستان میں تعلیم سمیت کئی اہم پراجیکٹس میں سرمایہ کرنے کا خواہاں ہے۔