• news

صاف شہر چاہتا ہوں، جنگی بنیادوں پر کام شروع کریں: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (سٹاف رپو رٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو کو ہدایت کی ہے کہ وہ کچی آبادیوں اور دیگر مقامات پر نکاسی آب کے نظام اور بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے نالے تعمیر کرائیں اور وہاں رہنے والے لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے یہ بات شہر میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا انہیں رپورٹس ملی ہیں کہ زیادہ تر ڈی ایم سیز کے منتخب نمائندوں اور دیگر متعلقہ عملے نے مین سڑکوں اور مختلف مقامات پر کھڑے ہونے والے بارش کے پانی کی نکاسی میں حصہ لینے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ ایسے کیسز میں میونسپل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو استعمال کریں۔ میں صاف ستھرا شہر چاہتا ہوں۔ صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورونے بتایا چند لوگوں نے یوسف گوٹھ کے علاقے میں جان بوجھ کر نالوں کو بلاک کیا۔ وزیراعلیٰ نے مذموم عناصر جو حکومت اور لوگوں کے لیے مسائل پیدا کرنے کے لیے گندی سیاست کا کھیل کھیل رہے ہیں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیربلدیات سے کہا میں آپ کو یہ تجویز دوں گا آپ مسائل کا سروے کریں اور اس کے بعد جنگی بنیادوں پر کام شروع کریں۔ 

ای پیپر-دی نیشن