کلثوم نواز کے کاغذات منظور کرنے کیخلاف درخواست، 3 رکنی نیا بنچ رواں ہفتے سماعت کرے گا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے لئے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں نیا تین رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا۔ بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان، جسٹس عبادالرحمن لودھی اور جسٹس شمس محمود مرزا پر مشتمل تین رکنی بنچ رواں ہفتے کیس کی سماعت کرے گا، پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے کاغذات نامزدگی میں اپنی آمدن اور اثاثے ظاہر نہیں کئے۔