صدر ملتان ہائیکورٹ بار کے وارنٹ گرفتاری کیخلاف اپیل، سپریم کورٹ آج سماعت کریگی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس ثاقب نثار نے ملتان ہائیکورٹ بار کے صدر شیر زمان کے گرفتاری کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کیلئے پانچ رکنی لارجر بنچ تشکیل دیدیا۔ جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس عمر عطاءبندیال، جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس اعجاز الاحسن آج اپیل کی سماعت کریں گے۔ شیر زمان نے ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کی جانب سے اپنی گرفتاری کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ شیر زمان کی جانب سے صدر سپریم کورٹ بار رشید اے رضوی اور سیکرٹری سپریم کورٹ بار آفتاب باجوہ پیش ہوں گے۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بنچ نے ملتان ہائیکورٹ بار کے صدر شیر زمان کو توہین عدالت کے کیس میں گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔