ابوظہبی سے لاہور آنےوالی پی آئی اے کی پرواز خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی
لاہور(خبرنگار ) ابوظہبی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 296 خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی، دوران لینڈنگ جہاز کا ہائیڈرالک سسٹم خراب ہوگیا تاہم پائلٹ نے مہارت سے پرواز کو بحفاظت اتار لیا۔ ترجمان ایوی ایشن کے مطابق پرواز کی لینڈنگ کے دوران ہائیڈرالک سسٹم خراب ہوگیا اور فضا میں ہی جہاز کے انجن کا کور بھی کھل گیا تاہم پائلٹ نے کمال مہارت سے جہاز کو زمین پر لینڈ کروا دیا۔جہاز کے ہائیڈرالک سسٹم کے خراب ہونے اور فضا میں ہی انجن کور کھلنے کی خبر سن کر مسافروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی، جبکہ لینڈنگ کے دوران جہاز کے زمین پر ٹکرانے سے مسافروں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا اور چیخ و پکار شروع کردی۔ترجمان کے مطابق لینڈنگ کے بعد جہاز رن وے پر ہی رک گیا جس کے باعث 30منٹ تک رن وے بند رکھا گیا ۔ جہاز ٹھیک کرنے کے لئے پی آئی اے نے کراچی سے ماہرین کی ٹیم طلب کرلی ہے۔