ملک بھر میں غربت بڑھی خیبرپی کے 50 فیصد کم ہو ئی: عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پی کے کی صوبائی حکومت دو برس میں غربت میں 50 فیصد کمی لانے میں کامیاب ہوئی ہے، ملک بھر میں غربت میں اضافہ ہوا لیکن خیبر پی کے میں غربت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ ریاست بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق 2013ء سے 2015ء میں خیبر پی کے میں غربت کم ہو کر آدھی رہ گئی۔ ایک بیان میں عمران نے کہا میں صوبائی حکومت کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ نمائشی منصوبوں کی بجائے غربت میں کمی کے پی کے میں ہماری ترجیح تھی۔ کئی اقدامات کے باعث صوبے سے غربت مٹانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر نوکریوں سے صوبے میں روزگار کے مساوی مواقع پیدا ہوئے۔ بہترین سرکاری تعلیمی ادارے اصلاحات شدہ صحت کے نظام اور غریبوں کیلئے صحت کارڈ کے اجراء سے بھی کافی معاونت ملی۔ دور دراز علاقوں میں قائم کئے گئے چھوٹے پن بجلی گھروں سے عوام کوصاف اور سستی توانائی میسر آئی۔ ان پن بجلی گھروں اور بلین ٹری منصوبے سے بھی عوام پر روزگار کے دروازے کھلے۔ سیاست سے پاک پیشہ ور پولیس کے باعث تحفظ کا احساس پیدا ہوا اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوئی۔ مختصر بات یہ ہے کہ عوامی بہبود کی بنیاد پر صدق دل سے کئے اقدامات کو رب العزت نے بارآور کیا۔ عوامی بہبود کیلئے ہماری مجموعی منصوبہ بندی کامیاب رہی اور ہم صوبے سے غربت مٹانے میں کامیاب رہے۔ عوامی بہبود کیلئے منصوبہ بندی کامیاب رہی، غربت مٹانے میں کامیابی ہوئی۔ خیبر پی کے میں تعلیم اور صحت کے نظام میں اصلاحات پر فخر ہے۔ بہتر سرکاری تعلیمی ادارے، صحت کے اصلاحی نظام، صحت کارڈ سے مدد ملی۔ خیبر پی کے میں بلدیاتی نظام تاریخ کا سب سے مؤثر اور جدید نظام ہے۔ خیبر پی کے حکومت کی اب تک کی کارکردگی متاثر کن اور مثالی ہے۔ تجربہ نہ ہونے کے باوجود دیگر صوبائی حکومتوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پراپیگنڈا پہلے ہماری راہ کھوٹی نہ کر سکا نہ آئندہ منزل تک رسائی میں رکاوٹ بن سکے گا۔ وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں غربت کی شرح جانچنے کا آخری سروے 2013-14ء میں ہوا۔ خیبر پی کے کی صوبائی حکومت نے اپنے طور پر سروے کیا تو ان کا معیار الگ ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں غربت کا آخری بار سروے پلاننگ کمشن، عالمی بنک نے کیا تھا۔ 2013-14 کے سروے کے مطابق غربت کی شرح 29.5 فیصد تھی۔