• news

جعلی‘ غیر معیاری ادویات بنانے والے انسانیت کے دشمن‘ جگہ جیل ہے: شہباز شریف

لاہور(خبر نگار)وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لندن سے تین گھنٹے تک ویڈیو کانفرنس کی جس میں پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیئر سسٹم اور طبی سہولتوں کی بہتری کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ویڈیوکانفرنس سے خطاب میں کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں اور ہیلتھ کیئر سسٹم میں نتیجہ خیز اصلاحات کی گئی ہیں۔ صوبے کے عوام کو معیاری علاج معالجہ، ادویات اور بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ موبائل ہیلتھ یونٹس پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے عوام کو علاج معالجہ کی جدید سہولتیں فراہم کررہے ہیں ۔ مزید موبائل ہیلتھ یونٹ بھی منگوائے گئے ہیں۔ موبائل ہیلتھ یونٹ کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لئے سینٹرل کنٹرول روم بنایا گیا ہے- دیہی وبنیادی مراکز صحت کی ری ماڈلنگ کا پروگرام تیزی سے جاری ہے اور صوبے کے 40 ہسپتالوںمیں اصلاحات کا عمل تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ 85مزید ہسپتالوں میں اصلاحات کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ بائیومیڈیکل ایکوپمنٹ ریسورس سنٹر بنایا جا رہا ہے اور یہ سینٹر ہسپتالوں میں طبی آلات اور مشینری کو درست حالت میں رکھنے کے حوالے سے موثر کردار ادا کرے گا۔ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے جو کچھ ضروری ہے ہمیں کرنا ہے۔ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا بڑی عبادت ہے اور اس مقصد کیلئے شعبہ صحت سے وابستہ افراد کو دل و جان سے کام کرنا ہے۔ ادویات کی خریداری ترسیل او رفراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بہترین نظام بنایا گیا ہے اوراس نظام سے ادویات کی خوردبرد اور چوری کا خاتمہ ہوگا۔ عزم اور جذبے سے کام کر کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ جعلی وغیر معیاری ادویات اور جعلی غذائیں تیارکرنے کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد انسانیت کے دشمن ہیں۔ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے ان عناصر کی جگہ جیل ہے۔ جعلی وغیر معیاری ادویات اورجعلی غذائیں تیارکرنے والوں کے خلاف بلاامتیازکارروائی جاری رکھی جائے۔ محمد شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اربوں روپے کے وسائل سے جگر اورگردے کے مریضوں کیلئے جدید ہسپتال بنا رہی ہے اور اس ہسپتال میں علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی جبکہ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ پراجیکٹ بھی شفافیت اوراعلی معیار کا شاہکار ہوگا۔ پنجاب حکومت اس منصوبے کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں آنے دے گی اورہر طرح کے وسائل منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے فراہم کیے جائیںگے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی حکومت کا حالیہ بیان میرے اصولی موقف کی توثیق ہے اور چینی وزارت خارجہ کا بیان 21کروڑ پاکستانی عوام اور سچ کی فتح ہے- جھوٹ بولنے والوں کو ہمیشہ کی طرح ایک پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے- جھوٹ اور بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے اور بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ الزامات لگانے والے کوئی ثبوت سامنے نہیں لا سکے تاہم اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ہماری بے گناہی کے ثبوت سامنے آچکے ہیں اور ہمارے سب سے قابل اعتماد دوست چین کے سفارتخانے کے بعد چینی وزارت خارجہ نے بھی بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو آئینہ دکھا دیا ہے- چین نے اتناٹھوس پیغام دیا ہے کہ اس کے بعد ہر الزام ختم ہوگیا ہے۔ یوم فضائیہ پر پیغام میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ 7ستمبر کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ میں امتیازی حیثیت رکھتا ہے اور آج کے دن پاکستان کے جانباز شاہینوں نے جرأت، شجاعت اور بہادری کی عظیم داستان رقم کی اوردشمن کے فضائی حملوں کامنہ توڑ جواب دے کر ناکام بنایا۔ پاک فضائیہ نے جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے دشمن کی فضائی طاقت کو نیست و نابود کیا۔ مضبوط دفاع کے باعث وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ پوری قوم کو پاکستان کی بہادر افواج پر فخر ہے اور وطن عزیز کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے قوم کے ہیرو ہیںاور21 کروڑ عوام پاک دھرتی کے ان عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں شدید بارش کی اطلاع پرفوری طورپر لندن سے انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ لندن سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف نے آدھا دن پاکستانی ہائی کمیشن میں گزارا وہاں سے لاہور سیکرٹریٹ ویڈیو لنک خطاب بھی کیا۔ علاوہ ازیں نوازشریف پاکستان جانے کی تیاری کررہے ہیں۔ شہبازشریف سے علیحدگی میں دو میٹنگیں کرچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن